میامی۔دوسری سیڈ روس کی ماریا شاراپووا کو میامی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دوسرے دور میں ہم وطن داریا گریویلیا سے شکست کھا کر باہر ہونا پڑا جبکہ وینس ولیمز اور کیرولین وزنیاکی نے بہ آسانی تیسرے راونڈ میں قدم رکھا۔اپنے کریئر کے پہلے میامی اوپن میں کھیلنے والی وائلڈ کا
رڈ یافتہ21 سالہ گریویلیا نے بڑا الٹ پھیر کرتے ہوئے شاراپووا کو 6۔7، 3۔6 سے شکست دی۔ شارا پووا نے دوسرے سیٹ میں جدوجہد کرکے واپسی کی بھرپور کوشش کی لیکن گریویلیا نے اسے ہرا کر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا۔جیت کے بعد گریویلیا نے کہا ‘میں 12 سال کی تھی جب میں نے شاراپووا کو ومبلڈن خطاب جیتتے ہوئے دیکھا تھا۔ تبھی سے میرا خواب تھا کہ میں انہیں شکست دوں۔ آج میرا یہ خواب پور ا ہوگیا تاہم یہ آسان نہیں تھا’۔دوسری طرف وینس ولیمز کو پولینڈ کی ارسجولا ردوانسکا کو 3۔6، 2۔6 سے ہرانے میں کسی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ یہ مقابلہ جیتنے کیلئے انہوں نے صرف 66 منٹ کا وقت لیا۔چوتھی سیڈ کیرولین ووزنیاکی نے امریکہ کہ میڈیسن برینگلے کو 0۔6، 1۔6 سے زبردست شکست دے کر تیسرے راؤنڈ میں جگہ حاصل کی جہاں ان کا مقابلہ کائیا کینیپی سے ہوگا۔وہیں شاٹ کی تیزی ماپنے والا نظام یعنی اسپیڈ ٹریکر کل سے انڈیا اوپن میں کام کرنا شروع کر دے گا۔یہ پہلا بیڈمنٹن ٹورنامنٹ ہوگا جس ٹریکر سے شاٹ یا سروس کی رفتار کو براہ راست دکھایا جائے گا۔ اسے ہاکس آئی انوویشن نے تیار کیا ہے۔ اس سے پہلے پانچ ٹورنامنٹ میں اس کا تجربہ کیا گیا تھا۔مرد میچوں میں سمیش کی رفتار 340 سے 360 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوتی ہے جس سے بیڈمنٹن سب سے تیز رفتار ریکیٹ کھیل ہی نہیں بلکہ غالبا دنیا کا سب سے تیز رفتار کھیل بھی بن جاتا ہے۔