لکھنؤ۔(نامہ نگار)اترپردیش کے وزیر تعمیرات عامہ وآبپاشی شیوپال سنگھ یادو نے آج جنتادرشن میں افسران کو ہدایت دی کہ عوام کی شکایتوں کو علم میں لے کر فوری تصفیہ کریں۔انہوںنے کہا کہ کسی بھی شکایت کو التواء میں نہ ڈالا جائے اور اس کا تصفیہ معینہ وقت میں کرکے عوام کو مستفید کیا جائے۔
مسٹریادو آج سماج وادی پارٹی دفتر میں ریاست کے دوردراز علاقوں سے آئے عوام کی شکایتوں کو سن رہے تھے۔انہوںنے جنتادرشن میں موجود لوگوں کو یقین دلایاکہ ریاستی حکومت کا مقصد ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو انصاف اور ان کے حقوق دلائے جائیں۔انہوںنے کہا اس میں لاپروائی کرنے والے افسروں کو کسی بھی حالت میں معاف نہیں کیا جائے گااگر کہیں سے شکایت ملتی ہے تو اس کے خلا
ف سخت کارروائی کی جائے گی۔
مسٹر یادو نے کہا کہ ریاست کے عوام کو فوری راحت پہنچے اور ان کے مسائل کاتصفیہ ہو یہی ریاستی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔مسٹر یادو نے عوامی سنوائی کے دوران کہا کہ ریاستی حکومت ہرممکن کوشش کررہی ہے کہ ریاست میں غذائی اشیاء کی ضرورت کے مطابق فراہمی یقینی بنائی جائے اور اس میں کسی بھی قسم کی کمی نہ آنے پائے۔
انہوںنے کہا کہ عام آدمی کو مہنگائی سے راحت ملے یہی حکومت کی کوشش ہے۔ انہوںنے عوام کے مسائل سن کر موقع پر فون سے ہی افسران کو تصفیہ کی ہدایت دی۔انہوںنے کہا کہ عوام کی شکایت کی عرضیوں پر فوری فیصلہ لے کر طے شدہ وقت میں تصفیہ کیا جائے۔ مسٹر یادونے جنتادرشن میں آئے ہوئے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے کام اور کردار میں بہتری لائیںاور ریاستی حکومت کے ذریعہ چلائی جارہی اسکیموں کا فائدہ اٹھائیں۔