لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ گرمی آنے سے قبل سب اسٹیشن پر ہو رہے مرمت کے کاموں کو دیکھنے کیلئے چیف انجینئر لیسا نے اتوار کور اجہ جی پورم سب اسٹیشن کا دورہ کیا۔ سب اسٹیشن پر جاکر انہوں نے پاور ٹرانسفارمر سے لیکر فیڈر تک سبھی کچھ دیکھا اور ایگزیکٹیو انجینئر کو ضروری ہدایت دی۔ اس موقع پر انہوں نے بلنگ وغیرہ کا بھی جائزہ لیا۔
چیف انجینئر لیسا ایس کے ورما بجلی گھروں کے معائنہ پر نکل پڑے۔ مسٹر ورما نے راجہ جی پورم گئے ڈویژنل انجینئر آر کے شریواستو سے سب اسٹیشن کی صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ انہوں نے دریافت کیا کہ مرمت کا کام کب کرایا گیا تھا اور پاور ٹرانسفارمر وغیرہ پر لوڈ وغیرہ کی صورتحال کیا ہے۔ ڈویژنل انجینئر نے انہیں سب اسٹیشن کی حقیقی صورتحال سے واقف کرایا۔ چیف انجینئر نے بلنگ کاؤنٹر پر نظر ڈالی تو وہ کافی ناراض ہوئے۔ بلنگ کاؤنٹر کی کرسیاں مخدوش حالت میں تھیں
تو نزدیک ہی واقع بیت الخلاء سے بدبو آرہی تھی۔
انہوں نے ایگزیکٹیو انجینئر کو اس کی اصلاح کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ کاؤنٹر وغیرہ کے نزدیک بیٹھنے کے ساتھ صفائی، پینے کے پانی اور پنکھے وغیرہ کا باقاعدہ بندوبست کرایا جائے۔ انہوں نے بقایا وغیرہ کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ بقایا رقم زیادہ سے زیادہ وصول کی جائے اور بقایا داروں کی بجلی منقطع کی جائے۔ ضروری ہدایت دینے کے بعد وہ تالکٹورہ بجلی سب اسٹیشن گئے اور بلنگ کاؤنٹر وغیرہ کا معائنہ کیا۔ مسٹر ورما نے بتایا کہ گہرو سب اسٹیشن پر لگائے گئے بجلی کیمپ کے نتیجے اطمینان بخش رہے۔ انہوں نے بتایا کہ ۲۲ء۴۵ لاکھ روپئے کے بقایا داروں کی بجلی کاٹ دی گئی جس میںآر ٹی او دفتر بھی شامل ہے۔ اے آر ٹی او کی اس یقین دہانی پر کہ وہ سات اپریل تک بل کی ادائیگی کر دیں گے بجلی دوبارہ جوڑ دی گئی۔ کیمپ میں ۱۵ء۵۰ لاکھ روپئے کی وصولی کی گئی۔