لکھنؤ، 3 دسمبر : الیکشن کمیشن (ای سی) نے اترپردیش سے راجیہ سبھاکی دو سیٹوں کے لئے 20 دسمبر کو ہونے والے ضمنی الیکشن کیلئے آج نوٹیفکیشن جاری کیا۔ اترپردیش اسمبلی میں اکثریت کی وجہ سے یہ دونوں سیٹیں حکمراں سماج وادی پارٹی کو ملنے کا قوی امکان ہے۔اترپردیش اسمبلی کے رٹرننگ آفیسر اور پرنسپل سکریٹری پردیپ کمار دوبے نے یہاں بتایاکہ ایک سیٹ 22 ستمبر کو سماج وادی پارٹی کے ممبر موہن سنگھ کی موت کی وجہ سے خالی ہوئی ہے۔ ان کی میعادکار 4 جولائی 2016 تک تھی۔دوسری سیٹ کانگریس ممبر رشید مسعود کو 19 ستمبر کو نااہل قرار دیئے جانے کی وجہ سے خالی ہوئی ہے۔ رشید مسعود کی میعادکار 2 اپریل 2018 تک تھی۔مسٹر دوبے نے بتایاکہ ضمنی الیکشن کے لئے نوٹیفکیشن جاری کردی گئی ہے۔ امیدوار 10 دسمبر تک پرچہ نامزدگی داخل کرسکتے ہیں اور 13 دسمبر تک نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ ہوگی۔انہوں نے بتایاکہ ضرورت پڑنے پر 20 دسمبر کو صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک ووٹنگ کرائی جائے گی ۔ اس کے بعد نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔