لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ حصول آراضی آرڈیننس اور کسانوں کے مسائل کے سلسلہ میں ۱۹؍اپریل کو نئی دہلی میں کانگریس کی کسان ریلی کیلئے ریاست میں لائحہ عمل طے کر ے گی۔ ریلی کیلئے کسانوں کی حمایت پانے کیلئے ریاست کی ہر اسمبلی میں پدیاترا نکالی جائے گی۔ یہ بات ریاستی کانگریس کے صدر نرمل کھتری نے کہی۔
بدھ کو ریاست کے کئی زون کے ضلع شہر صدر ، جنرل سکریٹری ، ریاستی
عہدیداروںکے جلسہ کے بعد صحافیوںکو خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نرمل کھتری نے کہا کہ ۹ سے ۱۷؍اپریل تک سبھی اسمبلی حلقوں میں پد یاترا کی جائے گی۔ ڈاکٹر کھتری نے کہا کہ جلسہ میں ۱۹؍اپریل کو دہلی میں ہونے والی کسان ریلی سے قبل ریاست میں عوامی بیداری مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پد یاترا مہم کے دوران حصول آراضی آرڈیننس میں کسان مخالف تبدیلی، بارش اور ژالہ باری سے کسانوں کے نقصان، کسانوں کی خودکشی، سہارا قیمت نہ بڑھانے کے کسان مخالف فیصلے، گنا کسانوں کے بقایا جات کی ادائیگی وغیرہ مسائل اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل ۸؍اپریل کو ہر ضلع میں سنکلپ دیوس منایا جائے گا۔ ضلع ہیڈکوارٹر پر شہیدوں سے جڑے مقامات پر جمع ہوکر کانگریس عہدیدار اور کارکنان پارٹی کو دوبارہ زندہ کرنے اور ریلی میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شامل ہونے کا عہد لیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ریلی میں ریاست سے پچاس ہزار لوگ شامل ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مرکزی قیادت نہیں بلکہ ریاستی انچارج مدھو سودن مستری کے مشورے پر پد یاترا پروگرام ہوگا۔ اس دوران ریاستی انچارج مدھو سودن مستری نے کانگریس نائب صدر راہل گاندھی کی ۱۹؍اپریل کو ہونے والی کسان ریلی میں تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی مرکزی صدر سونیا گاندھی ریلی میں شامل ہوں گی۔