لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ کانگریس صدر سونیاگاندھی پر تبصرہ کرنے کے خلاف کانگریس کارکنان نے جمعرات کو مرکزی وزیر گری راج سنگھ کا پتلا نذر آتش کیا۔ مظاہرین نے وزیر کی مرکزی کابینہ سے برخاستگی کا مطالبہ کرتے ہوئے مرکزی حکومت اور وزیر اعظم کے خلاف نعرے بازی کی۔
ریاستی ہیڈکوارٹر سے جلوس کی شکل میں نکل کر کانگریسی کارکنان نعرے بازی کرتے ہوئے لال بہادر شاستری مارگ پہنچے جہاں پارٹی صدر پر تبصرہ کرنے کے خلاف مرکزی وزیر کا پتلا نذر آتش کر کے مخالفت ظاہر کی۔ پارٹی عہدیداروں
اور کارکنوں کو خطاب کرتے ہوئے سابق ریاستی صدر اور کینٹ کی رکن اسمبلی ریتا بہوگناجوشی نے کہا کہ اس قسم کی حرکت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے مرکزی وزیر گری راج سنگھ کو برخاست کرنے کا مطالبہ کیا۔سابق وزیر رام کرشن نے کہا کہ کانگریس صدرسونیا گاندھی کی بے عزتی ملک کی خواتین کی بے عزتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ایسی ذلیل سوچ کے شخص کو ایک لمحہ بھی کابینہ میں برداشت کرتے ہیں تو یہ سیاست کے ساتھ گھٹیا مذاق ہوگا۔
سابق وزیر ستیہ دیو ترپاٹھی نے مسز گاندھی کے خلاف بیان کو ہندوستانی تاریخ پر بدنما داغ بتایا ۔ شہر کانگریس کمیٹی کے صدر امت شریواستو تیاگی نے کہا کہ پارٹی لیڈروں پر اس طرح کے بیان کا جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر کو اگر برخاست نہیں کیا گیا تو تحریک میں اضافہ ہوتا جائے گا۔ مظاہرہ میں خاص طور سے سیوا دل کے ریاستی سکریٹری پرہلاد دیویدی، وریندر مدان، اوم کار ناتھ سنگھ، پرمود سنگھ، سنجیو سنگھ، دویجندر ترپاٹھی، امر ناتھ اگروال، سبودھ شریواستو، عرشی رضا، مہدی حسن، کونین حسین، آغا پرویز، ایوب صدیقی اور دیگر عہدیدار اور کارکن شامل تھے۔ دوسری جانب شہر کانگریس کمیٹی سیوا دل نے ایک جلسہ کر کے مرکزی وزیر کو کابینہ سے برخاست کرنے کا مطالبہ کیا۔ ڈاکٹر آغا پرویز مسیح کی صدارت میںہوئے جلسہ میں وزیر کے بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی۔ جلسہ میں فیصلہ کیا گیا کہ کانگریس سیوا دل ایسا گھٹیا بیان دینے والے وزیر گری راج سنگھ کو ریاست میں داخل نہیں ہونے دے گی۔
جلسہ میں ہری نام سنگھ چوہان، مہندر تیواری، گرجا شنکر اوستھی، دنیش پائلٹ ،ڈاکٹر جاوید مسیح سمیت دیگر لوگ موجود تھے۔