ڈھاکہ۔آ ئی سی سی ہندوستان اور بنگلہ دیش کے کوارٹر فائنل کی تحقیقات پر راضی ہوگئی۔گیند در گیند امپائرنگ فیصلوں کوجانچا جائے گا، چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن نے نتائج سے بنگلہ دیشی بورڈ کو بھی آ گاہ کرنے کی یقین دہانی کردی، بی سی بی کے صدر نظم الحسن نے کہاکہ ہمارا احتجاج ناقص امپائرنگ پر ہے، ہندوستان سے تعلقات خراب نہیں ہونے چاہئیں۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ کوارٹر فائنل میں ہندوستان نے بنگلہ دیش کو 109 رنز کے بڑے فرق سے شکست دی، جس کے بعد بنگال ٹائیگرز نے ناقص امپائرنگ کو وجہ قرار دیتے ہوئے خوب واویلا مچایا جبکہ فیلڈامپائرز علیم ڈار اور ایان گولڈ کے پتلے تک جلائے گئے۔ اسی تنازع میں بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے آ ئی سی سی کے صدر مصطفیٰ کمال بھی بطور احتجاج مستعفی ہوگئے۔ اب معلوم ہواکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے معاملے کی جانچ کیلئے یقین دہانی کرا دی ہے۔بی سی بی کے صدر نظم الحسن کا کہنا ہے کہ ہم نے کوارٹر فائنل کے بعد ہی آ ئی سی سی کو اپنے تحفظات پر مبنی خط بھیج دیا تھا، چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن کی جانب سے جو ابتدائی جواب آ یا
اس میں انھوں نے کہا تھا کہ وہ اس مقابلے کی گیند درگیند جانچ کریں گے، جو بھی تجزیے کا نتیجہ نکلا اس سے بی سی بی کو بھی آ گاہ کیا جائے گا۔ نظم الحسن نے واضح کیا کہ بی سی بی کی شکایت صرف امپائرنگ کے خلاف تھی اس کا میچ کی حریف سائیڈ سے کوئی تعلق نہیں تھا۔انھوں نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ اس سے بنگلہ دیش اور ہندوستان کے تعلقات متاثر ہوسکتے ہیں، ہم نے ان کے بارے میں تو کوئی شکایت نہیں کی، ہمارا اعتراض امپائرنگ پر تھا، ہم نے اس بات پر زور دیاکہ دستیاب ہونے کے باوجود ٹیکنالوجی کوآخر استعمال کیوں نہیں کیاگیا؟۔