نئی دہلی۔ 4 دسمبر: دہلی اسمبلی کی 70 سیٹوں کے لئے آج ہونے والی پولنگ کے تئیں ابتدائی گھنٹے میں ووٹروں میں کافی جوش و خروش پایا جارہا ہے اور پہلے گھنٹے کے دوران ہی تقریباً 6 فیصد پولنگ کی اطلاع ہے۔بی جے پی کے وزیراعلی عہدے کے لئے امیدوار ڈاکٹر ہرش وردھن نے کرشنا نگر میں ووٹ دیا۔ وہ اپنی والدہ کے ساتھ ووٹ دینے پہنچے۔نئی دہلی اسمبلی حلقہ سے عام آدمی پارٹی کے لیڈر کیجریوال نے مندر مارگ پر واقع بوتھ پر ووٹ ڈالا۔ مسٹر کیجریوال نئی دہلی اسمبلی حلقے سے وزیراعلی شیلا دکشت کے خلاف الیکشن لڑرہے ہیں۔دہلی کے دیہی علاقے میں ابتدائی گھنٹے میں پولنگ کی رفتار سست رہی لیکن امید ہے کہ جلد ہی رفتار بڑے گی۔ پولنگ شام پانچ بجے تک ہوگی۔ اسمبلی انتخاب میں بی جے پی، کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے مابین ہی مقابلہ ہے۔