لکھنؤ(نامہ نگار)جرائم پیشہ عناصر سے مقابلے کیلئے لکھنؤ پولیس کے جوانوںکو چار دن کی اسپیشل کمانڈو ٹریننگ دی جارہی ہے۔ یہ تربیت یش بھارتی اعزاز سے سرفراز ابھیشیک یادو پولیس لائن میدان میں دے رہے ہیں۔ اس ٹریننگ میں پولیس اہلکاروں کو اس تکنیک کو سکھایاجار
ہا ہے جس سے وہ بہت آرام سے ملزم کو شکست دے سکتے ہیں۔
جمعہ کی شام اس ٹریننگ سیشن کا افتتاح ایس ایس پی یشسوی یادو نے کیا۔ مارشل آرٹ ماہرین و یش بھارتی اعزاز سے سرفراز ابھیشیک یادو نے بتایا کہ جمعہ سے چار دن تک لکھنؤ پولیس کے ۶۰۰ جوانوں کو اسپیشل کمانڈو ٹریننگ دی جائے گی۔ جمعہ ، سنیچر اور اتوار کو ۲۰۰-۲۰۰ کے گروپ میں صبح اور شام کے وقت ان پولیس اہلکاروں کو اس تکنیک کو سکھایا جائے گا جس سے انہیں جرائم پیشہ عناصر کے سامنے کم سے کم طاقت استعمال کرنے کی ضرورت پڑے گی۔اسپیشل کمانڈو ٹریننگ کی مدد سے پولیس کے جوانوں کو وہ طریقے سکھائے جائیںگے جو ان کو فیلڈ میں ہمیشہ کام آئیںگے۔ اس کے بعد دوشنبہ کو ایک ساتھ ۶۰۰ پولیس اہلکاروں کو آخری ٹریننگ دی جائے گی۔
ابھیشیک یادو اب تک ڈیڑھ لاکھ لڑکیوں کو خود کی حفاظت اور ۵۲ہزار پولیس اہلکاروںکو اسپیشل کمانڈو ٹریننگ دینے کا بھی ریکارڈ بنا چکے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ اس تربیت کے آخری دن سبھی ۶۰۰ پولیس اہلکارایک ساتھ اپنی صلاحیت اور تربیت کا مظاہرہ کریںگے۔ جس میں نیوزی لینڈ کی مارولیس ورلڈ ریکارڈ اور یونک بک آف ورلڈ ریکارڈ نامی تنظیمیں معیار کی جانچ کریںگی اور ایک ساتھ ایک اسٹیج پر ۶۰۰ پولیس اہلکاروں کے شاندار مظاہرہ کے بعد لکھنؤ پولیس کو عالمی ریکارڈ کی سند مل سکتی ہے۔ پولیس اہلکاروں کی اس ٹریننگ کیمپ کا انعقاد سیلف پروٹیکشن ٹرسٹ نے کیا ہے۔