لکھنو ایراز میڈیکل کالج کو وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے یونیورسٹی کا درجہ دیئے جانے کےلئے مدعو کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایراز لکھنو میڈیکل کالج کا ملک میں تیسرا مقام ہونا ہماری ریاست کےلئے فخر کی بات ہے۔ وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے یہ بات آج ایراز لکھنو¿ میڈیکل کالج کی سالانہ تقریب کے دوران اپنی تقریر میں کہی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہماری حکومت نے ایم بی بی ایس میں ۵۰۰ سیٹیں بڑھانے اور اعظم گڑھ، جالون ، بدایوں اور جونپور میں میڈیکل کالج کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایراز کالج نے گذشتہ ۱۲برسوں میں صحت کے میدان میں جو خدمات اور حصولیابیاں حاصل کی ہیں وہ ریاست کی ترقی میں سنگ میل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب ہونے کےلئے محنت کرنا پڑتی ہے۔ جس طرح سے ایراز کالج نے میڈیکل تعلیم اور خدمت میں کارہائے نمایاں انجام دیئے ہیں وہ سماج کےلئے سبق آموز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نجی زمرے میں تعلیم کی کمی کی وجہ سے پہلے اس ریاست کے طلباءباہر جا کر تعلیم حاصل کرتے تھے لیکن سابق وزیر اعلیٰ ملائم سنگھ یادو نے اسمبلی میں قانون بنا کر نجی کالجوں کے قیام کی ریاست میں اجازت دی جس کا نتیجہ آج سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں ڈاکٹروں کی کمی ہے ساتھ ہی پیرا میڈیکل اسٹاف بھی کم ہے۔ اس کمی کو پورا کرنے کےلئے حکومت زیادہ سے زیادہ کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے ایراز میڈیکل کالج کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ نالج ایکسچینج کر کے ہی علم کو بڑھایا جا سکتا ہے۔
ایراایجوکیشنل ٹرسٹ کے زیر اہتمام ایراز لکھنو¿ میڈیکل کالج کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل کے ۴۳طلباءکو سالانہ پروگرام کے دوران وزیرا علیٰ اکھلیش یادو نے میڈل دے کر ان کی اعلیٰ تعلیمی لیاقت کےلئے انہیں اعزاز سے سرفراز کیا۔
اس دوران وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے اردو روزنامہ ’آگ‘ کے چیف ایڈیٹر احمد ابراہیم علوی کو یادگاری نشان دے کر اعزاز سے سرفراز کیا۔ واضح ہو کہ گذشتہ ۱۶نومبر کو پریس کونسل آف انڈیا کی جانب سے ملک کے نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری نے اردو صحافت میںعمدہ خدمات انجام دینے کےلئے مسٹر علوی کو ایوارڈ سے نوازا تھا۔
پروگرام کا افتتاح وزیر اعلیٰ نے شمع روشن کر کے کیا۔ اس دوران کالج کے ڈائرکٹر اکیڈمک ڈاکٹر فرزانہ مہدی نے وزیر اعلیٰ کا استقبال کیا اور کالج کے پرنسپل ، ڈین اور سی ایم ایس ڈاکٹربرگیڈیئر ٹی پربھاکر نے وزیر اعلیٰ کے روبرو کالج کی پروگریس رپورٹ پیش کرتے ہوئے ادارہ کا تعارف کرایا۔ انہوں نے بتایا کہ ’انڈیا ٹوڈے نیلسنس سروے۲۰۱۳‘ کے مطابق ملک کے ۲۱۰ میڈیکل کالجوں میں ایراز میڈیکل کالج کا تیسرا مقام ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کالج کے ۲۸۰تحقیقی مقالے ملک و بیرون ملک کے ’جرنلس‘ میں شائع ہو چکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ غریب اور لاچار مریضوں کویہاں پر مفت علاج کی سہولت دی جاتی ہے اور ان کی جانچ وغیرہ مفت کی جاتی ہے۔
پروگرام کے دوران ایراز ایجوکیشنل ٹرسٹ کی سرپرست فاخرہ بانو نے وزیراعلیٰ کو ایراز میڈیکل کالج کی جانب سے یادگاری نشان پیش کر کے انہیں اعزاز سے نوازا۔ ساتھ ہی ٹرسٹی کرنل ایس ایم اےچ رضوی نے وزیراعلیٰ راحت فنڈ کےلئے پانچ لاکھ روپئے کا چیک وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کو پیش کیا اورتمام شرکاءکا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کے دوران سماجوادی پارٹی کے لیڈر اشوک باجپئی، جھارکھنڈ کے سابق گورنر سید سبط رضی، سابق وزیر عمار رضوی سمیت کالج کے اساتذہ اور کثیر تعدادمیں طلباءو طالبات موجود تھے۔