لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ مال ایونیو واقع ایک قبرستان میں آج دوپہر اچانک آگ لگ گئی۔ قبرستان میں خشک پتیاں ہونے کی وجہ سے آ
گ نے خطرناک شکل اختیار کر لی۔ موقع پر پہنچی فائر بریگیڈ کی چار گاڑیوں نے کسی طرح آگ پرقابو پایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قبرستان میں آگ موم بتی یا پھر اگربتی کی وجہ سے لگی تھی۔ ایف ایس او حضرت گنج چندر شیکھر یادو نے بتایا گوتم پلی مال ایونیو کرشچن فرقے کا ایک قبرستان ہے۔ سنیچرکی دوپہر اچانک قبرستان میں پتیوں اور جھاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے سنگین رخ اختیار کر لیا۔ قبرستان میں لگی آگ کو دیکھ کر مقامی لوگوں نے اس کی اطلاع پولیس کنٹرول روم کو دی۔
موقع پر گوتم پلی پولیس اور حضرت گنج فائر اسٹیشن سے چار گاڑیاں پہنچ گئیں۔ قبرستان کا گیٹ تنگ ہونے کی وجہ سے فائر بریگیڈ کی گاڑی اندر نہیں جا سکی۔ اس کے بعد قبرستان کی چہار دیواری کے چاروں طرف سے فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو آگ بجھانے کیلئے لگایا گیا۔ فائر بریگیڈ اہلکاروں نے کئی گھنٹے کی مشقت کے بعد کسی طرح آگ پر قابو پالیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قبرستان میںآگ موم بتی یا اگربتی کی وجہ سے لگی تھی ۔