لکھنؤ۔(بیورو)۔ وزیر اعلٰی اکھلیش یادو نے کہا کہ ان کی حکومت کے ترقیاتی کاموں سے ریاست کی شرح ترقیات تیزی سے آگے بڑھی ہے۔ یو پی ایک دن مثال بنے گا۔ نوجوانوں کو روزگار کے وسائل مہیا ہو رہے ہیں صرف پولیس محکمہ کی جدید کاری سے ۲۲ ہزار ڈرائیوروں کے عہدوں پر تقرری کے مواقع پیدا ہوئے ہیں آئندہ ۸ ماہ میں ان کی ضرورت ہوگی۔ حکومت جلد ہی بھرتی کاعمل شروع کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ پہلے سرمایہ کار یو پی کا مذاق اڑاتے تھے آج وہی سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کر رہے ہیں۔ ملک کی سب سے بڑی تنظیم ایسوسی ایٹیڈ چیمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹری آف انڈیا (ایسو چیم) نے آج ریاست کی شرح ترقیات کے سلسلہ میں کئے گئے اپنے سروے کی رپورٹ وزیر اعلیٰ کے سپرد کی۔ وزیر اعلیٰ نے رپورٹ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں بنیادی ڈھانچہ بڑھنے کی وجہ سے تجارت اور کاروبار میں اضافہ ہوا ہے۔ شرح ترقیات تیزی سے رفتار پکڑ رہی ہے۔ ڈیری سیکٹر میں زبردست اضافہ ہوا ہے، صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری ہوئی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سیاحت کے شعبہ میں بھی ریاست میں خوب کام ہوئے ہیں۔
پاکستان سے آئے سیاحوں کے وفد نے کل ان سے ملاقات کے دوران حکومت کی اس شروعات کی ستائش کی تھی۔ وہ ریاست کی شرح ترقیات اور بڑھانا چاہتے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو روزگار ملے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت بجلی ، صحت ، سڑک ، پینے کے پانی اور تعلیمی جیسی بنیادی ضرورتوں کو پورا کرنے کیلئے کافی بڑھ چڑھ کر کام کر رہی ہے۔ انپرا میں ۵۰۰ میگاواٹ بجلی پروجیکٹ کا افتتاح ہو چکا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے تاج ہوٹل اور رائل کیسے کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ سب سے زیادہ انہیں اگر کسی حکومت نے کاروبار دیا ہے تو وہ سماج وادی حکومت ہے۔ ان کی حکومت ہر علاقہ اور طبقہ کوساتھ لیکر چل رہی ہے۔ گزشتہ سال ایک کروڑ سے زیادہ مریضوں کا سرکاری اسپتالوںمیں علاج ہوا ہے۔ مخالف پارٹیاں اسے کہیں گی کہ سماج وادی پارٹی کی حکومت میں بیماری بڑھی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مہارت فروغ کے ذریعہ نوجوانوں کو روزگار لائق بنایا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یو پی ملک کی سب سے بڑی ریاست ہے یہاں جتنے رقبہ میں گنگا بہتی ہے اتنا بہار کا کل رقبہ ہے۔ اس سے قبل ایسوچیم کے نارتھ انڈیا کے چیئر مین للت کھتان نے کہاکہ یو پی میں زراعت، فوڈ پروسیسر، روڈ ویز، آئی ٹی، ٹرانسپورٹ، توانائی سیکٹر ریاست کی شرح ترقیات بڑھان میں کافی اہم ہے۔
اس کے علاوہ گھروں میں پانی دستیاب کرانے میں جہاں یوپی ملک کے اعداد و شمار سے آگے ہے وہیں بجلی اور بینکنگ سروس میں ملک سے کافی پیچھے ہے۔
حکومت بنائے گی انوویشن فنڈ:- وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے کہاکہ ایسے طلباء جو کم عمر میں بھی بڑا کام کر گزرنے والے ایسے طلباء کیلئے انوویشن فنڈ کی تشکیل کی جائے گی تاکہ ان طلباء کی حوصلہ افزائی کرنے کیلئے ان کی ہر ممکن مدد کی جائے۔
ڈسکوری چینل یو پی پربنائے گا ڈاکیو منٹری:- وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے بتایا کہ یو پی یں ڈی سی کے بڑے پیمانے پر استعمال کو دیکھتے ہوئے دنیا کے بڑے چینلوں میں سے ایک ڈسکوری نے ڈاکیو منٹری بنانے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ یو پی ملک کی پہلی ریاست ہے جہاں اتنے بڑے پیمانے پر ڈی سی کا استعمال ہو رہا ہے ان کی حکومت بھی ڈی سی کو بڑھانے پر کام کر رہی ہے۔
سائیکل ٹریک کے راستے میں کچھ بھی آئے اسے ہٹایا جائے گا:- وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے بہوجن سماج پارٹی کی صدر مایاوتی کے اس بیان جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وزیر اعلیٰ کے پاس کوئی کام نہیں ہے اس لئے وہ سائیکل چلاتے ہیں، کاجواب دیتے ہوئے کہا کہ مخالفین کو صرف سائیکل نظر آرہی ہے وہ یہ نہیں جانتے کہ سائیکل چلانا ایک بار سیکھ لو تو زندگی بھر کام آتی ہے۔ ہاتھی پر بیٹھ سکتے ہیں لیکن اسے چلا نہیں سکتے ہیںاسے چلانے کیلئے بھالے کی ضرورت ہوتی ہے لیکن سائیکل تو ہر شخص چلا سکتاہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ در اصل لوگوں کو ڈر ہے کہ کہیں ٹریک بنانے میں ان کے مکانوں اور دفاتر کی دیواروں کو نہ کھسکا دیا جائے۔ اپنی قیام گاہ پر ایک پروگرام کے دوران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت سائیکل ٹریک کی تعمیر کر کے غریبوں کی صحت اور انہیں حادثہ سے بچانے کیلئے خاص توجہ دے رہی ہے۔ کچھ لوگوں میں گھبراہٹ ہے کہ سائیکل ٹریک ان کے گھر کے آس پاس نہ آجائے لیکن ٹریک کے راستے میں جو بھی دیوار آئے گی اسے کھسکایا جائے گا قانون سب کیلئے برابر ہے۔