ممبئی: غیر قانونی شکار اور نشے میں دھت گاڑی چلاتے ہوئے ایک شخص کو کچلنے کے الزامات کے تحت مقدمات کا سامنا کرنے والے بولی وڈ سپر اسٹار سلمان خان اب ایک اور مشکل میں پھنس گئے ہیں۔
ہندوستان کی ایک مقامی عدالت نے ایئرپورٹ پولیس کو سلمان خان کے خلاف ڈرانے دھمکانے اور ڈکیتی کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
ہندوستان کی انسداد بدعنوانی کمیٹی کے رکن راوندرا مورت دویودی نے سلمان خان پر الزام لگایا ہے کہ انھوں نے گزشتہ برس اپنے باڈی گارڈ کے ساتھ مل کر ممبئی سے دہلی کی ایک پرواز کے دوران ان پر حملہ کرکے تشدد کیا۔
ایئرپورٹ پولیس کے سینیئر افسرآر سی ناگھبیرکے مطابق درخواست گزار دویودی کا موقف ہے کہ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما گوپی ناتھ منڈے کی نااہلی سے متعلق اہم دستاویزات لے کر جارہے تھے، جو انھوں نے حکومت کے حوالے کرنی تھیں کہ اس دوران سلمان خان اپنے باڈی گارڈ وشال کے ہمراہ طیارے میں سوار ہوئے اور ان سے وہ دستاویزات چھین لیں۔
پولیس کےمطابق دویودی کا یہ بھی کہنا ہے کہ سلمان خان اور ان کے گارڈز نے ان پر حملہ کر کے تشدد بھی کیا اور
جب انھوں نے اس واقعے کی شکایت ایئر پورٹ پولیس کو کرنا چاہی تو انھوں نے ایف آئی آر ردج کرنے سے انکار کردیا، جس کے بعد انھوں نے عدالت سے رجوع کیا۔
اور اب عدالت کی جانب سے سلمان خان کے خلاف انڈین پینل کوڈ کی دفعہ 392، 323، 504 اور 506 کے تحت ڈکیتی، نقصان پہنچانے اور امن و امان میں خلل پیدا کرنے کے الزامات کے تحت ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔