نئی دہلی، 8 اپریل (یو این آئی) سپر اسٹار امیتابھ بچن ، پرنس آغا خان، کے کے وینوگوپال سمیت متعدد شخصیات کو آج یہاں صدر پرنب مکھرجی نے باوقار پدم ایوارڈوں سے نوازا۔ راشٹرپتی بھون میں منعقد رنگارنگ تقریب میں وزیراعظم نریندر مودی ان کے متعدد کابینی وزرا، بی جے پی کے بزرگ رہنما ایل کے اڈوانی، سابق مس ورلڈ اور امیتابھ بچن کے بیٹے ابھیشیک بچن کی اہلیہ ایشوریہ رائے بچن بھی موجود تھیں۔ صدر جمہوریہ نے پدم وبھوشن ، پدم بھوشن اور پدم شری ایوارڈ پیش کئے ۔جن شخصیات کو پدم وبھوشن ایوارڈ سے نوازا گیا ان میں امیتابھ بچن، دھرم استھل ویریندر ہیگڑے ، پرنس آغاخان، پروفیسر مالو راما سوامی سرینواسن اور مسٹر وینوگوپال شامل ہیں۔ شہرہ آفاق قلم اداکار دلیپ کمار کو بھی پدم وبھوشن ایوارڈ سے نوازا گیا ہے لیکن خرابی صحت کی وجہ سے وہ تقریب میں شریک نہیں ہوسکے ۔
سات افرادکو پدم بھوشن ایوارڈسے نوازا گیا۔ ان میں فلم ساز جانو بروا، پروفیسر منجل بھارگو، ڈاکٹر وجے بھٹکر، ڈاکٹر سبھاش سی کشیپ، پنڈت گوکل اوتوجی مہاراج اور ڈاکٹر ابریش متل شامل ہیں۔36افراد کو پدم شری ایوارڈسے نوازاگیا۔ ان میں خاتون ہاکی کھلاڑی صباانجم، سائنس داں ایس ارونن، سماجی کارکن اشوک بھگت، ناول نگار لکشمی نندن بورا، ماہر معاشیات بیبیک دیپ رائے ، مشہور سرجن کے فریڈس، مصنف سنیل جوگی، سماجی کارکن ویریندر راج مہتہ، ماہر تعلیم موہن داس پائی، خاتون کرکٹر متالی راج، تیلگو اداکار کے سرینواس راؤ، موسیقار شیکھرسین اورڈاکٹر ہرگوبندی ترویدی شامل ہیں۔ اس موقع پر نائب صدر حامد انصاری، وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ، راج ناتھ سنگھ، وزیر خزانہ ارون جیٹلی اور دہلی کے
وزیر اعلی اروند کیجریوال بھی موجود تھے ۔