طرابلس۔ 5 دسمبر : لیبیا میں 5 فوجی اہلکاروں کے اغوا کے بعد ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق طرابلس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فوجی کونسل کے سربراہ میجر سلیمان حمد نے کہا کہ مشرقی علاقے کفرہ میں 5 فوجیوں کے اغوا کے بعد ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور پورے علاقے میں فوجی ہیلی کاپٹر پرواز کررہے ہیں اور سوڈان کے ساتھ لیبیائی سرحد پر حفاظتی انتظامات بھی مزید سخت کردیئے گئے ہیں کیونکہ مسلح افراد لیبیا کی سرحدی گزر گاہ العوینا کے فوجی مرکز سے فوجی اہلکاروں کو اغوا کرکے ساتھ لے جاتے ہیں ۔ دوسری جانب لیبیا کے سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ ملک میں بدامنی کی بڑی وجہ مختلف علاقوں میں حکومت کا عدم کنٹرول ہے جس نے ملک کی سیکورٹی کو مشکلات سے دو چار کر رکھا ہے۔