لکھنؤ(نامہ نگار)چنہٹ کے فیض آباد روڈ پر واقع مرسڈیز، بینز کے شوروم میں اتوار کی دیر رات آگ لگ گئی۔جس سے پہلی منزل پر بنے شوروم میں رکھا فرنیچر، کاغذات اور اے سی جل گیا۔حسن گنج تھانہ حلقہ کے تحت نرالہ نگر میں رہنے والے نیرج اگروال کا فیض آباد روڈ کے تیواری گنج میں مرسڈیژ، بنچ گاڑی کا شوروم ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ اتوار کی رات تقریباً ایک بجے شوروم کی پہلی منزل پر بنے ایک آفس میں اچانک آگ لگ گئی۔ دفتر میں آگ کو دیکھ کر سیکورٹی گارڈ نے اس کی اطلاع شوروم کے ایک ملازم لکشمی کانت تیواری اور پولیس کنٹرول روم کو دی۔ اطلاع ملنے پر چنہٹ پولیس اور فائر بریگیڈ کی گاڑی موقع پر پہنچ گئی اور کسی طرح آگ پر قابو پایا۔ آگ کی وجہ سے شیشے، فرنیچر ، کمپیوٹر ، اے سی ، چھت کی فال سیلنگ جل گئی۔ شوروم میں آگ کیسے لگی فی الحال اس بات کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شوروم میں آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی ہے۔