لکھنؤ: وزیر تعمیرات عامہ شیو پال سنگھ یادو نے افسران کو ہدایت دی کہ جن بینکوں کو رقم مہیا کرا دی گئی ہے ان کو دینے کاکام جلد ہی شروع کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ جہاں پر ملازمین اور افسران کی کمی ہو وہاں پر تقرری کا کام بھی شروع کر دیا جائے۔ مسٹر یادو نے افسران کو ہدایت دی کہ بینکوں کو کیسے چلانا ہے اور قرض کی وصولی کیسے کی جائے گی اس کا پورا منصوبہ تیار کر لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پورا منصوبہ ہونا چاہئے کہ جتنا کمایا جائے اسی کے مطابق خرچ ہونا چاہئے۔ مسٹر یادو نے ہدایت دی کہ تمام صدر ، جنرل منیجر اور افسران اپنے خرچ پر بھی قابو رکھیں اور پیسوں کا کہیں بھی ناجائز استعمال نہ ہونے پائے۔
مسٹر یادو آج پی ڈبلیو ڈی گیسٹ ہاؤس لکھنؤ میں کوآپریٹیو محکمہ اور اس سے متعلق محکموں کا جائزہ لے رہے تھے۔ انہوں نے منیجروں کو ہدایت دی کہ قرض دینے سے قبل کسانوں کے بارے میں تفصیلی معلومات دی جائے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ کسی بھی قیمت پر فرضی کسانوں کو قرض نہ دیا جائے۔ مسٹر یادو نے افسران کو ہدایت دی کہ محکمہ میں جو بھی خالی عہدے ہیں ان پر بھرتی کا کام جلد شروع کر دیا جائے اور اس کے ساتھ ہی قانون کے مطابق ترقی بھی کردی جائے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ خصوصی دھیان رہے کہ کسی بھی شخص کے ساتھ نا انصافی نہ ہو اور جو بھی شخص اہل ہو اسی کی ترقی کی جائے ۔ مسٹر یادو نے کہا کہ کسی بھی ملازم کو پریشان نہ کیا جائے اور لاپرواہ ملازمین کو کم سے کم دو مرتبہ سدھرنے کا موقع دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی افسر پیسہ کا ناجائز استعمال کرے گا اسے جیل جانا پڑے گا ۔ وزیر نے کہا کہ گیہوں خرید،قرض کی تقسیم، کولڈ اسٹور، ذخیرہ اندوزی کارپوریشن اور کسانوں کو یوریا کھاد اور ڈی اے پی کی سپلائی کا جائزہ لیا اور افسران کو ہدایت دی کہ زیادہ سے زیادہ کسانوں کے استعمال کیلئے یوریا ڈی اے پی سلفر، زنک، بایو فرٹیلائزر کو ابھی سے محفوظ کر لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ کمپنیوں سے بھی اس میں تعاون دینے کیلئے کہیں۔ مسٹر یادو نے کہا کہ گیہوں خرید میںبھی تیزی لائی جائے۔ جلسہ میں چیف سکریٹری کوآپریٹیو آلوک دکشت ، کرپا شنکر یادو، رام پرساد گوسوامی کے ساتھ دیگر تنظیموں کے منیجر و افسران موجود تھے۔