لکھنؤ:لکھنؤ ترقیاتی اتھارٹی کو پوری طرح سے ہائی ٹیک کئے جانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جا رہی ہے۔ ایل ڈی اے نے جب ۲۲؍عوامی سہولیات مراکز پر شہر کے الگ الگ علاقوں میں کھولا ہے وہاں پر اب اس مرکز کے تحت ڈیوٹی کرنے والے جونیئر انجینئر کی فوٹو لگائی جائے گی اس کے ساتھ اس کا نام اور فون نمبر بھی درج کیا جائے گا۔ در اصل بہت سے لوگوں نے اس بات کی شکایت کی تھی کہ جب وہ عوامی سہولیات مراکز جاتے ہیں تو وہاں پر یا تو جے ای ملتے نہیں ہیں اور اگر ملتے بھی ہیں تو لوگ انہیں پہچان نہیں پاتے ہیں۔ کئی مرتبہ ناجائز تعمیرات کے مسائل کے سلسلہ میں جاؤ کو جے ای یہ کہہ کر اپنا دامن بچا لیتے ہیں کہ اس کیلئے وہ ذمہ دار نہیں ہیں بلکہ کوئی دیگر ہے ایسے میں اب لوگ جے ای کو پہچان سکیں اور شکایت ہونے پر یہ بتا سکیں کہ یہ وہی افسرہے جس نے انہیں واپس کیا تھا اس کیلئے فوٹو لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ابھی حال ہی میں وی سی نے پورے دفتر احاطہ کو وائی فائی سے آراستہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ در اصل وی سی اتھارٹی میں پوری طرح سے پیپر لیس ورکنگ اسٹائل کو فروغ دینا چاہ رہے ہیں اس لئے سارا کام کاج بہت جلد ہی کمپیوٹرائزڈ ہو جائے گا۔ حالانکہ اتھارٹی نے اب ملازمین کی نگرانی کرنے کیلئے اور تمام طرح کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کیلئے دفتر میں پہلے سے ہی تین درجن سے زائد کیمرے لگائے ہیں۔ ان کیمروں کو اس لئے لگایا گیا ہے جس سے دیر میں آنے والے ملازمین پر قدغن لگائی جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی ایل ڈی اے کے ملازمین اور افسران کو بھی شناختی کارڈ جاری کئے گئے ہیں اتنا ہی نہیں اب یہاں پر پنچ کارڈ کا بھی بندوبست کیا جا رہا ہے۔ وہیں دوسری جانب اتھارٹی آئی ایس او سرٹیفکیٹ لینے کا بھی کام چل رہا ہے۔ اتنا ہی نہیں لوگوں کو یہ پتہ چل سکے کہ کیا اسکیمیں ہیں اور کون سے اسکیمیں آنے والی ہیں اس کیلئے پورے علاقہ میں ڈسپلے بورڈ بھی لگائے جائیں گے۔