لکھنؤ:اسکارپیو سوار ایگزیکٹیو انجینئر نے ڈرائیور سے کہا کہ راستے میںروکو توچائے پی جائے۔ ڈرائیور نے مانک نگر علاقہ میں گاڑی روکی اور دونوں چائے پینے کیلئے ہوٹل پر چلے گئے۔اتنی دیر میں ان کی اسکارپیو میں رکھی ایک لاکھ روپئے سے بھری اٹیچی کسی نے غائب کر دی۔ واپس لوٹے ایگزیکٹیو انجینئر نے جب اٹیچی کو سیٹ سے غائب دیکھا تو ان کے ہوش اڑ گئے۔ اطلاع پولیس کو دی گئی جس پر موقع پر پہنچی پولیس نے تفتیش کے بعد رپورٹ درج کر لی ہے۔ الہ آباد کے قدوائی نگر کے رہنے والے آر کے ورما ایگزیکٹیو انجینئر ہیں جو اس وقت باندہ میں تعینات ہیں۔ دفتر سے متعلق کام کیلئے آر کے ورما، اپنی اسکارپیو سے لکھنؤ آئے تھے۔ منگل کو وہ اپنی اسکارپیو سے کوشامبی جانے کیلئے نکلے تھے۔ تقریباً گیارہ بجے وہ بارہ بروا نہریا چوراہے کے پاس پہنچے۔ ان کے پاس گاڑی ڈرائیور بھی تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اسکارپیو کا شیشہ کھلا ہواتھا ۔چائے پینے کے بعد آر کے ورما چائے پی کر واپس لوٹے تو دیکھا کہ گاڑی میں رکھی اٹیچی غائب تھی جس میں ایک لاکھ روپئے نقد اور دفتر کے کاغذات سمیت دیگر سامان تھا۔