لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ ٹھاکر گنج علاقہ میں معصوم بیٹی کے ساتھ نازیبا حرکات کرنے والے ملزم کی دو روز بعدبھی گرفتاری نہ ہونے سے ناراض کنبہ کے افراد اتوار کے روز ایس ایس پی رہائش گاہ پہنچے اور ملزم کی جلد ازجلد گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ وہاں پر انہیں اس سلسلہ میں جلد کارروائی کی یقین دہانی کرائی گئی۔ اطلاع کے مطابق ٹھاکر گنج علاقہ میں ایک کسان اپنے کنبہ کے ساتھ رہتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جمعہ کے روز کسان کی بیوی اپنے بچوں کے ساتھ گھر سے کچھ دور رہنے والے ایک رشتہ دار کے یہاں گئی تھی وہاں پڑوس میں رہنے والے شعیب نامی ایک شخص نے اس کی ۹سال کی بیٹی کو ٹافی دینے کے بہانے اپنے گھر بلایا اس کے بعد اس نے دروازہ بند کر کے معصوم کے ساتھ نازیبا حرکات کرنی شروع کیں۔ اس کی حرکات سے سہمی بچی نے زور زور سے رونا شروع کردیا۔ اس پر کسان کی بیوی اور کنبہ کے روز وہاں پہنچ گئے، لوگوں کو دیکھ کر ملزم وہاں سے فرار ہو گیا۔ بچی نے کنبہ والوں کو شعیب کی حرکات کے بارے میں بتایا۔ ان لوگوں نے اس معاملہ میں ملزم کے خلاف ٹھاکر گنج تھانہ میں نامزد رپورٹ درج کرائی لیکن دو روز گزر جانے کے بعد بھی ملزم کی گرفتاری نہ ہونے سے ناراض لڑکی کے گھر والے اتوار کی شام کو ایس ایس پی کی رہائش گاہ پر فریاد لیکر پہنچ گئے۔ ایس ایس پی کی رہائش گاہ پر موجود اہلکاران نے ٹھاکر گنج پولیس سے بات کی ۔ ٹھاکر گنج پولیس نے جلد ہی ملزم شعیب کو گرفتار کرنے کی یقین دہانی کرائی۔