لکھنؤ(نامہ نگار)مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری مولانا سید کلب جواد نقوی نے یمن کی صورتحال کو شیعہ سنی شکل دینے کی مغربی میڈیا کی سخت مذمت کی ہے۔ مولانا نے کہا کہ یمن میں شیعہ آبادی ۵فیصد سے زیادہ نہیں ہے۔ ایسے میں وہاں شیعہ سنی کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی میڈیا کی تشہیر کا شکار ہمارا قومی میڈیا بھی ہے۔
مولانا کلب جواد نے کہا کہ توسیع پسندانہ طاقتوںکے اشارہ پر سعودی عرب یمن کے داخلی معاملات میں مداخلت کر رہاہے جو قابل مذمت ہے۔ انہوںنے کہاکہ یمن میں صدر عبدالرب منصور ہادی کے خلاف لڑنے والے اپنی آزادی اور حقوق کیلئے لڑ رہے ہیں۔ سعودی عرب امریکہ کی غلامی میں ان کے خلاف صدر ہادی کی حمایت کر رہا ہے۔وہاں لڑائی حوثیوں اور سلفیوںکے درمیان ہو رہی ہے اور سعودی عرب حوثی قبیلے کو ختم کرنا چاہتا ہے اس لڑائی میں شیعہ کہیں نہیں ہیں۔ مولانا نے اقوام متحدہ سے یمن کے معاملہ میں مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے سعودی عرب کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اسلحہ مسلمانوںکو ہلاک کرنے اور اسلام کے خلاف استعمال کرنے کیلئے بناتا ہے۔ اس کام میں سعودی عرب اور مبینہ اسلامی ممالک اس کی مدد کرتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ مسلمانوں کو ایسی سازشوں کو سمجھنا چاہئے اور ان کی ذہنی غلامی سے آزاد ہونا چاہئے۔