پڑوس میں رہنے والے ایک لڑکے نے کی حیوانیت
لکھنؤ: اندرا نگر علاقہ میں اپنے ماموں کے گھر آئی چھ برس کی بچی کے ساتھ ایک لڑکے نے عصمت دری کی۔ واردات کے بعد بچی نے پوری بات کنبہ والوں کو بتائی۔ کنبہ والوں نے اس کی شکایت پولیس سے کی تو پولیس نے رپورٹ درج کرتے ہوئے ملزم لڑکے کو گرفتارکرلیا ہے۔ ملزم لڑکا بھی اپنے ماموں کے گھر آیا ہوا تھا۔ اب پولیس اس کو اطفال جیل بھیجنے کی بات کر رہی ہے۔ ایس او اندرا نگر نے بتایا کہ سروجنی نگر کی رہنے والی چھ برس کی معصوم اتوار کو اندرا نگر کے رہنے والے اپنے ماموں کے گھر آئی تھی۔
بتایا جاتا ہے کہ آج دوپہر تقریباً ڈیڑھ بجے بچی گھر کی چھت پر کھیل رہی تھی ۔ اس درمیان پڑوسی کے گھر آیا لڑکا بھی اپنے ماموںکی چھت پر پہنچ گیا۔ بچی کو تنہا دیکھ کر لڑکا چھت پھاند کر بچی کے پاس پہنچ گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ملزم نے بچی کے ساتھ چھت پر بنے باورچی خانہ میں عصمت دری کی اور پھر وہاں سے فرار ہو گیا۔ واردات کے بعد بچی بدحواس ہو گئی۔ بچی کی حالت دیکھ کر کنبہ کے لوگوں نے جب اس سے پوچھا تو اس نے ساری بات بتائی۔ بچی کے ساتھ حیوانیت کی بات سن کر کنبہ کے لوگ حیران رہ گئے۔ ان لوگوں نے فوراً اس بات کی شکایت اندرا نگر پولیس سے کی۔ معاملہ کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے پولیس نے ملزم لڑکے کے خلاف رپورٹ درج کر کے اس کو گرفتار کر لیا۔ وہیں پولیس نے متاثرہ بچی کو طبی معائنہ کیلئے بھیج دیا۔ ملزم نابالغ ہے اس لئے پولیس اس کو اطفال جیل بھیجنے کی بات کہہ رہی ہے۔