لکھنؤ:دیہی علاقوںمیں ٹیمپو پرمٹ جاری کرنے کے معاملہ میں ملزم پائے گئے آرٹی او لکھنؤ کو معطل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ وزیر حمل و نقل درگا پرساد یادو نے ضروری کارروائی کے بغیر پرمٹ جاری کرنے کے ملزم پائے گئے آر ٹی او اے پی سنگھ کو معطل کرنے کے ساتھ ہی اسپیشل سکریٹری سے جانچ کی ہدایت دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوںنے ٹرانسپورٹ کمشنر کے ذریعہ مناسب کارروائی نہ کرنے پر ان کے فرائض کا تعین کرتے ہوئے محکمہ جاتی کارروائی کی بھی ہدایت دی ہے۔ وزیر حمل ونقل نے غلط طریقوں سے پرمٹ جاری کرنے کے اہم ملزم سینئر کلرک انل دیو شرما اور راج کمار کے خلاف انسداد بدعنوانی شعبہ سے جانچ کی بھی ہدایت دی ہے جن کی جانچ ٹرانسپورٹ کمشنر کی سفارش پر کی جائے گی۔ وزیر حمل و نقل نے کہا کہ بدعنوانی کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت کام میںشفافیت کیلئے پُر عزم ہے اور بدعنوانی کے کسی بھی ملزم کو نہیں بخشا جائے گا خواہ افسر کتنے ہی بڑے عہدے پر کیوں نہ ہو۔