لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ مانک نگر علاقہ میں اسکول منیجر سے ہوئی پانچ لاکھ کی لوٹ کے معاملہ میں پولیس نے تین مشتبہ افراد کا فوٹیج جاری کیا ہے۔ پولیس نے ان تینوں مشتبہ لوگوں کے بارے میں اطلاع دینے والے کو انعام دینے کی بات بھی کہی ہے۔
ایس پی مشرق روہت مشر نے بتایا کہ واردات کے بعد پولیس کو آرین ریسٹورینٹ اور بینک آف انڈیا کے اندر لگے سی سی ٹی وی کیمرے کی مدد سے تین مشتبہ افراد کی فوٹیج ملی۔ جمعہ کو پولیس نے مشتبہ افراد کی فوٹو جاری کرتے ہوئے لوگوں سے اس بات کی اپیل کی ہے کہ اگر ان کے پاس مذکورہ تینوں مشتبہ لوگوں کے بارے میں کوئی اطلاع ہے تو وہ پولیس کودے سکتے ہیں۔ اطلاع دینے والے کا نام خفیہ رکھا جائے گا اور اس کو انعام بھی دیا جائے گا۔ وہیں پولیس کا کہنا ہے کہ فوٹیج میں نظر آنے والے تینوں مشتبہ لوگ اگر اس واردات میں شامل نہیں ہیں تو وہ پولیس کے پاس آکر اپنی بات رکھیں اس کے علاوہ مانک نگر پولیس ان کے بارے میں معلومات حاصل کر رہی ہے۔ اب تک پولیس لٹیروں کے بارے میں کوئی سراغ نہیں لگا سکی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ بیس اپریل کو عالم باغ کے گڑھی کنورا میں رہنے والے اسکول منیجر اودھیش کمار سنگھ سے شرنگار نگر واقع بینک آف انڈیا کے باہر موٹر سائیکل سوار چار بدمعاش پانچ لاکھ روپئے لوٹ کر فرار ہو گئے تھے۔ اودھیش نے بہن کی شادی کیلئے بینک سے روپئے نکالے تھے۔ واردات کے وقت ان کے ساتھ ان کی بیوی اسمیتا اور ماں شانتی دیوی بھی موجود تھیں۔