مراد آباد(نامہ نگار)کمشنر مراد آباد منطقہ وپن کمار ویدی نے آج امبیکاپرساد انٹر کالج میں پولیو بوتھ پر جاکر بچوں کو پولیوکی خوراک پلا کر مہم کا آغاز کیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پلس پولیو کی بیماری جان لیو اہوتی ہے ۔ کئی باریہ اپنا اثر متاثر بچوں میں ہمیشہ کے لئے چھوڑ دیتی ہے ۔اس لئے ہر والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے پانچ برس تک کے بچوں کو پولیو کی خوراک پلاکر ان کو بیماری سے محفوظ رکھیں ۔ کمشنر نے بتایاکہ ملک سے پولیو کا تقریباً خاتمہ ہوگیاہے ۔
احتیاط کے طورپرہمیں ہمیشہ پانچ برس تک کے بچوں کو پولیوکی خوراک پلا کر تعاون کرناہے ۔ انہوںنے بتایاکہ دنیا کے کئی ممالک ابھی تک پلس پولیو کی جراثیم سے پاک نہیں ہوئے ہیں۔ ان کے ذریعہ ہمارے ملک میں بھی جراثیم داخل ہوسکتے ہیں اس لئے ہمیں بیدار رہناہے ۔ انہوں نے بتایاکہ ضلع میں پلس پولیو کی خوراک ہربچے کو پلانے کیلئے مائکروپلان بناکر عمل کیاجائے ۔
پورا صحت عملا دیگر متعلقہ شعبہ پولیو کی خوراک پلانے کے لئے تعاون کرنے میں مصروف ہیں ۔ مہم کی کامیابی کے لئے عوامی تعاون ضروری ہے ۔اس موقع پر خصوصی طبی افسر ڈاکٹر سنجیو یادو نے بتایاکہ ہمارا ہدف ضلع کے ہر پانچ برس تک کے بچوں کو خوراک پلانے کا ہے ۔ اس کے لئے تمام ضروری بندوبست کیا گیاہے ۔ انہوںنے زور دیکر کہا کہ مہم میں شامل ہر افسر ،ملازمین پوری ذمہ داری کے ساتھ فیلڈ میں رہ کر خوراک پلانے کے لئے کوشاں ہوں۔ پلس پولیوکی خوراک کا کوئی سائیڈ افیکٹ نہیں ہے ۔ اورنوزائد بچوں کو پلانے میں ان کو کوئی نقصان نہیںہے ۔اس لئے نوزائد بچوں کو بھی ان کے والدین پلس پولیو کی خوراک ضرور پلائیں ۔