لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ پی جی آئی ۲۳۱ کے وی ٹرانس میشن سب اسٹیشن کو مرمتی کام کے سبب اتوار کو بند کیا گیا جس سے اس سے جڑے نصف درجن سے زائد بجلی گھروں کی بجلی فراہمی ٹھپ ہو گئی۔ گرمی کے موسم میں فراہمی بند ہونے سے صارفین پریشان ہو گئے۔ ادھر جانکی پورم میں جانچ کے دوران لیسا ملازمین نے ایک مکان میں بجلی چوری پکڑی۔ ملازمین نے جانچ کے دوران صارف کے میٹر میں شنٹ لگا پایا۔ ایس جی پی جی آئی کے ۰۴-۰۴ ایم وی اے کے دو پاور ٹرانسفارمروں کو اتوار کی صبح دس بجکر پچیس منٹ پر مرمتی کام کے سبب بند کر دیا گیا۔ اس دوران ورنداون ، مانسرور، رتن کھنڈ، اومیکس سٹی، اتریٹھیا، موہن لال گنج، بنگلہ بازار سب اسٹیشنوں کی بجلی فراہمی ٹھپ ہو گئی۔اس اسٹیشنوں کے ٹھپ ہونے سے لاکھوں صارفین کو بجلی ملنابند ہو گئی۔ فراہمی دوپہر بارہ بجے کے بعد بحال ہوئی۔ اتوار کی تعطیل کے دن کئی دیگر علاقوں میں بجلی فراہمی متاثر رہی۔ بالا گھاٹ سب اسٹیشن سے مری ماتا مندر ایکتا نگر علاقہ میں تار خراب ہونے سے صبح ساڑھے سات بجے سے دس بجے تک بجلی فراہمی ٹھپ رہی۔
صبح کے وقت بجلی نہ رہنے سے ہزاروں لوگوں کو پانی کی فراہمی کا بحران بھی برداشت کرنا پڑا۔ وبھوتی سب اسٹیشن میں یارڈ کے مرمتی کام کے سبب بجلی فراہمی دوپہر سوا بارہ بجے سے دو بجے تک متاثر رہی۔ وہیں جے پی آر اے سب اسٹیشن سے گڑمبا کے کرسی روڈ علاقہ میں ایلٹی لائن کے مرمتی کام کے سبب دوپہر سوا بارہ بجے سے تین بجے تک بجلی فراہمی ٹھپ رہی۔ فیض اللہ گنج سب اسٹیشن سے کیشو نگر میں اے بی سی تار بدلنے کے سبب صبح گیارہ بجے سے شام چار بجے تک بجلی سپلائی بند رہی۔ ۳۳ کے وی زمیندوز لائن میں خرابی کے سبب عیش باغ کی بجلی بند رہی۔ اتوار کی تعطیل کے دن عیش باغ سب اسٹیشن میں بجلی بحران سے صارفین پریشان رہے۔ عیش باغ سب اسٹیشن کے جونیئر انجینئر دلیپ کمار جیسوال نے بتایا کہ عیش باغ کو بجلی سپلائی کرنے والی ۳۳ کے وی زمیندوز لائن میں عید گاہ کے نزدیک خرابی آگئی جس کے سبب صبح ساڑھے ۷ بجے تک ۹بجکر پانچ منٹ تک بجلی فراہمی متاثر رہی حالانکہ دوسرے ذرائع سے کچھ ہی عرصہ بعد سب اسٹیشن کی بجلی فراہمی بحال کر دی گئی تھی۔ ۳۳ کے وی لائن خراب ہونے کے سبب عیش باغ سب اسٹیشن کے پیلی کالونی، عیش باغ گیٹ، واٹر ورکس کے دو فیڈروں سے بجلی سپلائی ٹھپ ہو گئی۔ صبح کے وقت بجلی بند ہونے سے ہزاروں صارفین کو پینے کے پانی کا بحران برداشت کرنا پڑا۔