ممبئی: کترینہ کیف کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے خبروں کی زینت بنے رہنے والے بولی وڈ اداکار رنبیر کپور کا کہنا ہے کہ انھیں محبت ہے لیکن ابھی انہوں شادی کی کوئی منصوبہ بندی نہیں کی ہے۔
ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ میں رنبیر کے حوالے سے لکھا گیا ہے :’’مجھے لگتا ہے کہ آپ لوگ اِسے میرا ذاتی معاملہ نہیں رہنے دیں گے۔ ٹھیک ہے ہم اداکار ہیں، لیکن میری شادی کی تاریخ تو چھ سال پہلے ہی طے ہو گئی تھی۔ یہ واقعی خاص دن ہوگا لہٰذا اس کا اعلان مجھے ہی کرنے دیجیے۔‘‘
رپورٹ کے مطابق رنبیر کا کہنا ہے “میں محبت کرتا ہوں اور میں اس کی ذمہ داری محسوس کرتا ہوں، لیکن جب بھی بات شادی کی آتی ہے تو قیاس آرائیاں سارا مزہ خراب کر دیتی ہیں، لہذا میری میڈیا سے گزارش ہے کہ میری شادی کے حوالے سے قیاس آرائیاں کرنا بند کردیں۔‘‘
واضح رہے کہ رنبیر کی پچھلی دو فلمیں ‘بے شرم’ اور ‘رائے’ باکس آفس پر کمال نہیں دکھا سکی تھیں، تاہم وہ اپنی نئی فلم ‘بمبئے ویلویٹ’ کے حوالے سے پر امید ہیں۔
اس حوالے سے رنبیر کا کہنا ہے کہ دو فلموں کی ناکامی کے بعد ان پر دباؤ ہے اور بطور اداکار وہ خود بھی اچھی فلمیں دینے کی تمنا رکھتے ہیں، تاہم جب ان کی فلم ‘بے شرم’ نہیں چلی تھی توانھوں نے ذمہ داری قبول کی تھی۔
رنبیر کے مطابق “میں یہ بھی سوچتا ہوں کہ ہمیں اپنے کام کے ساتھ ایماندار ہونا ہی پڑتا ہے. ہم نے بمبئے ویلویٹ پر کافی محنت کی ہے اور امید ہے کہ ہماری یہ محنت سب کو نظر آئے گی”۔
رنبیر کپور، انوشكا شرما اور کرن جوہر کی اس فلم کی ہدایت انوراگ کشیپ نے دی ہے، یہ فلم 15 مئی کو ریلیز ہو رہی ہے۔