لکھنؤ:راشٹریہ لوک دل کے ریاستی صدر منا سنگھ چوہان نے بتایا کہ پارٹی کے قومی صدر چودھری اجیت سنگھ بے موسم بارش اور ژالہ باری کی مایوسی کے سبب اندر سے ٹوٹ چکے کسانوں سے ملنے کیلئے آئندہ چھ مئی کو لکھنؤ آرہے ہیں۔ انہوںنے بتایا کہ دو مئی کو بلند شہر، چار مئی کوسہارنپور کے گاؤں کا دورہ کریں گے۔ اجیت سنگھ نے وزیر اعظم کی جانب سے دی جا رہی راحت کے دعوؤں کو فرضی بیان بازی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے راحت کیلئے نقصان کی حد کو پچاس فیصد سے گھٹاکر ۳۳ فیصد تو کر دیا لیکن جن کسانوں کی ۳۳ فیصد سے کم کھیتی تباہ ہوئی ہے ان کیلئے کوئی راحت کا انتظام نہیں کیا گیا۔ کیا بیمہ کمپنیاں بھی پچاس فیصد کے بجائے ۳۳ فیصد نقصان کو بنیاد بناکر معاوضہ دیں گی۔اس معاملہ میں حکومت کی نیت صاف نہیں ہے۔ پہلے سے ہی بڑا نقصان جھیل رہے کسانوں کیلئے قرض معافی تو دور اس قرض پر سود معاف کرنے پر بھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ریاستی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیفئی کیلئے ۰۰۸ کروڑ رروپئے اور کسانوں کیلئے محض ۰۰۵ کروڑ روپئے کا ہی بندوبست ہے۔ ریاستی صدر نے بتایا کہ موجودہ وقت میں کسانوں کی بدحالی خوفناک شکل اختیار کرتی جا رہی ہے لیکن حکومتیں راحت کے نام پر ایک دوسرے کا منھ دیکھ رہی ہیں اور کسانوں کا مذاق اڑا رہی ہیں۔