لکھنؤ:سروجنی نگر علاقہ میں سائیکل سے سڑک پار کر رہے باورچی کو کانپور کی جانب سے آرہے تیز رفتار ٹرک نے ٹکر مار دی۔ ٹرک کی ٹکر لگتے ہی وہ دور جاگرا اور خون سے لت پت ہو گیا۔ آس پاس کے لوگوں نے زخمی باورچی کونجی اسپتال میں داخل کرایا جہاں ڈاکٹروں نے اسے ٹراما سینٹر منتقل کر دیا۔ دوسری جانب قیصر باغ میں اودھ بوائلر کے ملازم کی نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موت ہوگئی۔آشیانہ کے سیکٹرجی ای-۲ ایل ڈی اے کالونی کے رہنے والے دیال داس نے بتایا کہ ان کا ۸۴ سالہ بھائی نندلال بدھ کی صبح سائیکل سے وی آئی پی تراہے پر سڑک پار کر رہا تھا۔ تبھی کانپور روڈ کی جانب سے آرہے تیز رفتار ٹرک (یو پی ۲۳ سی زیڈ ۶۰۰۵) نے اسے زوردار ٹکر مار دی جس سے نند لال دور جا گرا اور خون سے لت پت ہو گیا۔ حادثہ ہوتے ہی مقامی لوگ موقع پر جمع ہو گئے اور نند لال کو راہ گیروں کی مدد سے نجی اسپتال میں داخل کرایا جہاں سے اسے ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا جہاں کچھ دیر بعد اس نے دم توڑ دیا۔ آبائی طور پر مغربی بنگال کا رہنے والا ۵۴ سالہ ارشد علی لکھنؤ میں قیصر باغ واقع اودھ بوائلر میں کام کرتا تھا اور وہیں رہ کر اپنے کنبہ کی پرورش کرتا تھا۔ منگل کی دیر شب وہ سڑک پر کچھ کام کر رہا تھا تبھی اسے نامعلوم گاڑی نے ٹکر مار دی جس کی زد میں آنے سے ارشد زخمی ہو گیا۔ لوگوں نے اسے بلرامپور اسپتال میں داخل کرایا جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہو گئی۔ ارشد کے کنبہ میں بیوی سمیت تین بچے ہیں جو بنگال میں رہتے ہیں۔