گورکھپور(نامہ نگار)میونسپل کارپوریشن کے ذریعہ شروع کی گئی غیرقانونی قبضہ ہٹانے کی مہم وغیر قانونی رقم وصول کرنے والے پولیس ملازمین سے پریشان پٹری کاروباریوں کو اچھے دن آنے کا انتظارہے ۔ کارپوریشن نے قومی پھیری سسٹم کونافذ کرنے کی اسکیم تیارکرلی ہے ۔کارپوریشن و ٹریفک پولیس کی مشترکہ ٹیم جلد سے جلد سروے کرکے پھیری والوں کے لئے جگہ کا انتخاب کرے گی ۔ شہر کو چار ڈیویزن میں تقسیم کرکے سروے کرنے کی اسکیم تیارکرلی ہے ۔ سڑک کے کنارے کھڑے ہوکر یا چلتی پھرتی دکان کے ذریعہ کاروبار کرنے والوں کی وجہ سے سڑکوں یا بازاروں میں جام لگناایک اہم وجہ ہے ۔ گول گھر ،گھنٹہ گھر ،اردوبازار ،اسورن چوک ،شاستری چوک ،کوڑا گھاٹ ،مہدی پور اور گورتھ ناتھ وغیرہ علاقوں میں پٹری کاروباریوںکی وجہ سے ٹریفک جام کے مسائل پیداہوتے رہتے ہیں۔ فٹ پاتھ پرغیرقانونی قبضہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے پرکارپوریشن انتظامیہ پر روزگار ختم کرنے کا الزام عائد کیاجاتاہے ۔ غیر قانونی قبضہ بھی ہٹادیاجائے اور کاروباریوں کاروزگار بھی ختم نہ ہو اس کے لئے میونسپل کمشنر راجیش یادو نے قومی پھیری سسٹم پر عمل کرنے کیلئے اسسٹنٹ میونپسل کمشنر سورن سنگھ کی قیادت میں ایک ٹیم تشکیل کی ہے ۔ اسسٹنٹ کمشنر ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر پٹری کاروباریوںکیلئے جگہ کاانتخاب کرنے کیلئے سروے کی اسکیم تیار کی ہیں ۔ جلد ہی ٹیم کی جانب سے سروے کاکام شروع کردیاجائے گا ۔