لکھنو۔(نامہ نگار)۔ وزیر مملکت جگل کشور بالمیکی نے ریاستی صفائی ملازمین کارپوریشن کے صدر کے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے اتوار کو یو پی پریس کلب میں منعقد پریس کانفرنس کے دوران اس کا اعلان کیا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ میں نے گزشتہ اکیس برسوں سے سماج وادی پارٹی کی خدمت کی۔ سماج وادی سربراہ نے صفائی ملازمین کو ہمیشہ عزت دی اور ان کی بہبود کیلئے مختلف کام کئے۔ وزیر اعلیٰ نے وزیر مملکت بناکر سماج کا وقار بڑھاکر کام کرنے کا انہیں موقع دیا۔ اس لئے میں ہمیشہ پارٹی کے آدرشوں پر چل کر پارٹی کیلئے کام کروںگا لیکن صفائی ملازمین کا استحصال برداشت نہیں کر سکتا۔ سماج وادی پارٹی کے ایک قدآور وزیر کی شہ پر میرٹھ میں صفائی ملازمین کی ہڑتال کے سلسلہ میںانہیں برخاست کرنے کی ہدایت دی گئی۔ اتنا ہی نہیں ملازمین پر ایسما لگاکر انہیں جیل بھیجنے کی ہدایت دیئے جانے سے ناراض ہوکر وزیر اعلیٰ کو اپنا استعفیٰ سونپا۔