لکھنو۔(نامہ نگار)۔ سماج وادی پارٹی کے سینئررہنما اور ریاست کے وزیر تعمیرات عامہ اور آبپاشی شیو پال سنگھ یادو نے آج کہا کہ سماج وادی پارٹی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو تیسرے مقام پر ڈھکیل دیا ہے۔ مہاراج گنج کے پھریندا ضمنی انتخاب میں سماج وادی پارٹی کی جیت کے بعد آج شام پارٹی کے ریاستی ہیڈکوارٹر پر منعقد پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے مسٹر یادو نے کہاکہ بی جے پی کے جھوٹے وعدوں کو عوام سمجھ گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مرکز کی بی جے پی حکومت کوبنے ایک برس ہونے والا ہے لیکن حکومت نے نہ تو کوئی کام کیا ہے اور نہ ہی ایک بھی وعدہ پوراکیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی کے لوگ جھوٹے ہیں پارلیمانی انتخ
ابات کے وقت وزیر اعظم نریندر مودی نے چین کے ذریعہ قبضہ کی گئی زمین واپس لینے، سب کے کھاتوں میں ۱۵-۱۵ لاکھ روپئے جمع کرانے، سبھی نوجوانوں کو روزگار دینے اور کسانوں کو فائدہ دلانے کا وعدہ کیا تھا لیکن مرکزی حکومت نے ایک بھی پورا نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ مرکز کی بی جے پی حکومت نے ژالہ باری اور بارش سے فصلوں کی بربادی پر کسانوں کی ایک روپئے کی بھی مدد نہیں کی جبکہ سماج وادی پارٹی کی حکومت مشکل کی ہر گھڑی میں عوام اور کسانوں کے ساتھ رہی ہے۔ ایس پی حکومت نے تین برس میں اپنے سبھی وعدے پورے کئے ہیں۔ ریاست کی ترقی کی اور عوام کی ہر ممکن مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو اتنا نقصان ہوا لیکن مرکز نے ان کی مدد نہیں کی۔ شیو پال نے کہاکہ مرکز نے جوپیسہ دیا ہے وہ تو ریاستی حکومت کا حصہ ہے وہ ویسے بھی دیتے لیکن ریاست کے کسانوں کی مدد نہیں کی۔ مسٹر یادو نے کہا کہ ریاستی حکومت نے ۱۱۳۵ کروڑ روپئے دے کر کسانوں کی مدد کی۔ عوام پر جب بحران کا وقت آیا ریاستی حکومت عوام کے ساتھ کھڑی رہی۔ پڑوسی ملک نیپال میں آئے زلزلہ میں بھی ریاستی حکومت نے وہاں کے لوگوں کی ہر ممکن مدد کی۔
ضمنی انتخاب میں بی ایس پی کے ووٹ کانگریس کو ملے:- ضمنی انتخاب میں کانگریس کی بہترین کارکردگی کے سوال پر مسٹر یادو نے کہاکہ بی ایس پی کے ووٹ کانگریس کو ملے اس لئے کانگریس دوسرے نمبر پر آنے میں کامیاب رہی نہیں تو کانگریس کی بھی وہی حالت رہتی۔ مسٹر یادو نے کہا کہ آج بی جے پی کا جھوٹ عوام کے سامنے آرہا ہے۔ پارلیمانی انتخابات میں اس نے عوام کو گمراہ کر کے ووٹ حاصل کیا تھا اب عوام سمجھ چکے ہیں ۔ مرکز میں جب یو پی اے کی حکومت تھی تو یہی کام کانگریس کرتی تھی۔
امر سنگھ کی واپسی کی اٹکلوں کو دی ہوا:- سماج وادی پارٹی کے سینئر رہنما شیو پال سنگھ یادو نے سابق رکن راجیہ سبھا امرسنگھ کی سماج وادی پارٹی میں واپسی کی اٹکلوں کو پھر سے ہوا دے دی۔ آج سماج وادی ریاستی دفتر میں ایک پریس کانفرنس میں امر سنگھ کی سماج وادی پارٹی میں واپسی پر پوچھے گئے ایک سوال پر شیو پال نے کہا کہ امر سنگھ جلد ہی پریس کانفرنس کر کے خود بتا سکیں گے۔