اورکزئی ایجنسی میں ایک خالی گھر کے سامان میں نصب دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے دو چور ہلاک چار زخمی۔
کلایا: مرکزی اورکزئی ایجنسی کے علاقے زب درّہ کے ایک خالی مکان میں چوروں کا ایک گروپ داخل ہوا اور قیمتی اشیاء کے حص
ول کے لیے گھریلو سامان کی تلاشی شروع کردی۔
سامان میں مبینہ طور پر بارودی مواد نصب کیا گیا تھا، جو اس دوران دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا۔
پولیٹیکل انتظامیہ کے ایک عہدے دار کے مطابق اس دھماکے کے نتیجے میں دو چور ہلاک اور چار زخمی ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ بچ جانے والے چور فرار ہوتے ہوئے اپنے زخمی ساتھیوں کو ہمراہ لے گئے، جبکہ دو لاشیں چھوڑ گئے۔
اس واقعہ کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز دھماکے کے مقام پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ اب تک ان لاشوں کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔
پچیس دن قبل جب سیکیورٹی فورسز نے طالبان عسکریت پسندوں کے خلاف یہاں سرچ آپریشن شروع کیا تھا، تو درہ زوب میں تقریباً 16 گاؤں کے افراد اپنے گھروں کو چھوڑنے پر مجبور ہوگئے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکن ہے کہ ملحقہ علاقوں سے آنے والے چوروں کے خطرے کے پیش نظر گھر کے مکین نے گھریلو سامان میں دھماکہ خیز مواد چھپادیا ہو۔