لکھنؤ۔(نامہ نگار)پارہ پولیس نے گذشتہ سال نومبر ماہ میں ہوئے پان دکان دار نریش پرجاپتی کے قتل کا راز فاش کرتے ہوئے ایک خاتون سمیت تین افراد کو گرفتار کیاہے۔ نریش کا قتل ایک خاتون سے ناجائز تعلقات کے سبب اس کے شوہر نے اپنے ایک دوست کے ساتھ مل کر کیا تھا۔ پولیس نے مقتول کی موٹر سائیکل ، موبائل اور قتل میں استعمال راڈ وتار برآمد کرلیا ہے۔
ایس پی مشرق روہت مشر نے بتایا کہ کرشنا نگر کے نریش پرجاپتی کی عالم باغ کے گیتا وسترالیہ کے نزدیک پان کی دکان تھی ۔ بتایا جاتاہے کہ گزشتہ یکم نومبر کو نریش کا پارہ علاقے میں گلا دبا کر قتل کردیا گیا تھا۔ نریش کی موٹر سائیکل ، آٹھ ہزار روپئے ، موبائل فون ، چین اور گھڑی غائب تھی اس معاملے میں نامعلوم افراد کے خلاف قتل کی رپورٹ درج کرائی گئی تھی ۔ تفتیش اور سرویلانس کی مدد سے پولیس کو اس بات کا پتہ چلا کہ نریش
کے کوریانہ میں رہنے والی حنا نام کی ایک خاتون سے ناجائز تعلقات تھے ۔ اس کے بعد پولیس نے تفتیش کی تو قتل میں حنا اور اس کے شوہر کا ہاتھ ہونے کا پتہ چلا۔ تفتیش کررہی پارہ پولیس نے گزشتہ شب کانشی رام رہائشی اسکیم کے نزدیک سے حنا، اس کے شوہر مونو کوری اور اس کے ایک ساتھی اجیت گوتم کو پکڑا۔پوچھ گچھ کی گئی تو پہلے ان لوگوں نے پولیس کو گمراہ کرنے کی کوشش کی لیکن پولیس کی سختی کے بعد ان لوگوں نے نریش کے قتل کا اعتراف کرلیا۔ مونونے بتایا کہ نریش سے اس کی دوستی تھی اور اکثر نریش اس کے گھر آتا تھا۔ اس درمیان نریش نے اس کی بیوی حنا کو اپنی محبت کے جال میں پھنسا کر اس کے ساتھ ناجائز تعلقات قائم کئے۔
مونو کو جب نریش کی اس حرکت کا پتہ چلا تو اس نے نریش کا قتل کا منصوبہ بنایا اور اس کیلئے اس نے اپنے دوست اجیت کی مدد لی اس کے بعد یکم نومبر کو ان لوگوں نے نریش کو پہلے لوہے کی راڈ سے مار کر زخمی کر دیا پھر تار سے گلا گھونٹ کر قتل کردیا ۔ قتل کے بعد ان لوگوں نے نریش کی لاش کو بدھ نگر علاقے میں ایک سڑک پر پھینک دیا۔ حنا ، مونو اور اجیت کے اس انکشاف کے بعدپولیس نے ان کی نشاندہی پر مقتول کی موٹر سائیکل ، موبائل فون اور قتل میں استعمال راڈ و تار بر آمد کر لیا۔