لکھنو(نامہ نگار)بخشی تالاب علاقے میں مشتبہ حالات میں نوجوان کی لاش ریلوے لائن کے نزدیک بکھری ہوئی حالت میں پڑی ملی۔ مقامی لوگوں کی نظر لاش پر پڑی تو اطلاع پولیس کودی گئی۔ پولیس کا کہناہے کہ نوجوان کی چلتی ٹرین سے گر کر موت ہوئی ہے۔وہیں دوسری جانب گوتم پلی ع
لاقے میں ٹرین کی زد میں آنے سے نوجوان کی موت ہوگئی۔
بخشی تالاب تھانہ علاقے میں آنے والے فوجی ڈھابہ کے پیچھے ریلوے ٹریک پر تقریباً بارہ بجے نوجوان کی لاش بکھری حالت میں پڑی ہوئی ملی۔ لاش ملنے کی اطلاع علاقے میں پھیل گئی۔ موقع واردات پر مقامی لوگوں اور راہگیروں کی بھیڑ لگ گئی۔ لوگوں نے واردات کی اطلاع پولیس کو دی۔ اطلاع پاکر موقع پر پہنچی پولیس نے موقع واردات کی تفتیش کرنے کے بعد لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔ لاش کی جامہ تلاشی کے دوران ملے کاغذات سے متوفی کی شناخت مڑیاوں کے پریتی نگر کے رہنے والے ۳۲سالہ وریندر شرما کے طور پر ہوئی۔ پولیس نے حادثے کے بارے میں وریندر کے کنبہ والوں کوبتایا۔اطلاع ملتے ہی موقع پر اہل خانہ پہنچ گئے۔ پولیس کا کہناہے کہ نوجوان ٹرین پر سوار ہوکر جارہاتھا۔ چلتی ٹرین سے گر کر نوجوان کی موت ہوئی ہے۔ وہیں دیر شب تک متوفی کے کنبہ والوں نے وریندر کی موت کا کسی کو قصوروار نہیں ٹھہرایا ہے۔ دوسری جانب گوتم پلی کے دلکشا ریلوے کراسنگ پر نوجوان کی ٹرین کی زد میں آنے سے موت ہوگئی۔ لوگوں نے حادثے کی اطلاع پولیس کودی۔ جس پر پولیس نے وہاں پہنچ کر لاش کو قبضے میںلے لیا۔ پولیس نے متوفی کے کپڑوں کی تلاشی لی تو متوفی کے پاس سے شناختی کارڈ ملا۔ جس کی بنیاد پر اس کی شناخت سلطان پور کے رہنے والے سریندر کمار کے طور پر ہوئی۔