ممبئی: اداکارعرفان خان کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ میں بنائی جانے والی فلموں میں بچوں کی ذہانت کی توہین کی جاتی ہے۔اپنے ایک انٹرویو میں عرفان خان کا کہنا تھا کہ انہیں بالی ووڈ کی ایسی فلم میں کام کرنے کا بہت شوق ہے جو بچوں کی تفریح کے لئے بنائی جائے لیکن بھارت میں بچوں سے متعلق فلمیں بنانے کا رواج ہی نہیں حالانکہ بچوں کو بھی کئی چیزوں کی سمجھ ہوتی ہے۔ وہ خود اپنے بچوں کی پسند سے حیران ہوجاتے ہیں۔عرفان خان نے کہا کہ ہالی ووڈ میں بچوں کے لئے بنائی جانے والی فلموں میں اچھی بات یہ ہے کہ انہیں بچوں کے ساتھ ساتھ ان کے والدین بھی دیکھ سکتے ہیں جب کہ بالی ووڈ کی فلموں میں بچوں کی ذہانت کی توہین کی جاتی ہے اور انہیں ناکارہ ترین مخلوق اور سوچنے سمجھنے سے قاصر دکھایا جاتا ہے۔واضح رہے کہ عرفان خان ہالی ووڈ کی کئی فلموں میں کام کرچکے ہیں اور وہ جراسک پارک کے آئندہ سیکویل میں بھی جلوہ گر ہوں گے۔