بریلی (نامہ نگار) نصف درجن بد معاشوں نے کل دیررات گھر میں سور ہے لوگوں پر حملہ کر کے زیور اور نقد رقم لوٹ لی ۔ مخالفت کرنے پر بد معاشوں نے اہل خانہ پر چاکو سے حملہ کر کے انہیں زخمی کر دیا اور فرار ہو گیا۔ موقع پر پہنچ کر پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد زخمی باپ بیٹے کو اسپتال میں داخل کرا
دیا اور ملزمین کی تلاش شروع کر دی۔ ضلع اسپتال میں متاثرین نے بتایا کہ ایک سال قبل کیسا پور گاو¿ں کے مدن لال کے ساتھ زمینی جھگڑے کے سلسلے میں مارپیٹ کے دوران مدن لال کی موت ہو گئی تھی ۔مدن لال کے قتل کے الزام میں اس کے پانچ بیٹوں کو گرفتار کرکے پولیس نے جیل بھیج دیا تھا۔ جو اس وقت بھی جیل میں قید ہیں۔ متاثر لالا رام نے بتایا کہ اپنے بیٹوں کی ضمانت کیلئے اس نے گھرمیں رقم رکھی ہوئی تھی۔ کل رات اہل خانہ اپنے کمرے میں سو رہے تھے اور اس کا بیٹا آنگن میں سو رہا تھا۔ نصف شب میں بد معاش گھر میں گھنس گئے اور انہوںنے گھر والوں پر حملہ کر دیا مخالفت کرنے پر بد معاشوں نے اس کو اور اس کے بیٹے کو چاقو مار دیا ۔ شو ر و غل سن کر موقع پر گاو¿ں والے جمع ہو گئے لیکن حملہ آور اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گئے ۔ پولیس نے زخمیوںکو اسپتال میں داخل کرا دیا ہے اور بد معاشوں کو گرفتار کرنے کے لئے تلاش شروع کر دی ۔