سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ کی پولیس نے ایک خلیجی ملک کے شہری سے دھوکہ دہی کے ذریعے ڈیڑھ ہزار سعودی ریال لوٹنے والے متعدد نوسربازوں کو حراست میں لیا ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق حراست میں لیے گئے نوسربازوں کا سرغنہ ایک ایشیائی غیرملکی ہے جو سوشل میڈیا بالخصوص ’’فی
س بک‘‘ کے ذریعے خود کو خاتون ظاہرکرکے سادہ لوح شہریوں کو لوٹنے کے چکر چلا رہاتھا۔ اس نے خلیجی ملک کے ایک شہری سے بھی فیس بک پر رابطہ کیا اور خود کو خاتون ظاہر کرکے اس سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا۔ خلیجی شہری اس کے بتائے پتے پرمدینہ منورہ پہنچا تو اس سے لینے کے لیے ایک کار اس کے ٹھکانے پرآئی۔
متاثرہ شخص نے پولیس کو بتایا کہ جب وہ کار میں سوار ہوا تو اس کے پیچھے دو چھوٹی کاریں اور بھی آ رہی تھیں۔ کچھ فاصلے پر ایک پیدل شخص اور ایک پچھلی کار پرسوا شخص نے انہیں روکا۔ تشدد کانشانہ بنایا اور اس کے پاس ڈیڑھ ہزار ریال اور دو موبائل فون لوٹ لیے۔
مدینہ منورہ کے پولیس ترجمان کرنل فہد الغنام نے بتایا کہ ایک خلیجی ملک کے باشندے نے الفیصلیہ تھانے میں شکایت درج کرائی اور کہا کہ اسے نوسربازوں نے لوٹ لیا ہے۔ پولیس نے چھان بین کے بعد مشتبہ نوسربازوں کو گھات لگا کر گرفتار کرلیا۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کے وقت انہوں نے سخت مزاحمت کی کوشش کی اور پولیس پارٹی پر پتھرائوبھی کیا۔ تاہم پولیس جرائم پیشہ عناصر کوگرفتار کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔