نئی دہلی، 12 مئی (یو این آئی) پارلیمانی امور کے وزیر ایم ونکیا نائیڈو نے آج کہا کہ کانگریس پارلیمنٹ میں اہم بلوں کے راستے میں رخنہ ڈالنا چاہتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ بلاوجہ ہنگامہ کر رہی ہے ۔مسٹر نائیڈو نے بھارتیہ جنتا پارٹی پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ کے بعد کہا کہ کانگریس مسٹر نتن گڈکری سے جواب طلب کر رہی ہے جب کہ اسے 50 برسوں میں اپنے دور اقتدار میں ہوئے گھپلوں پر جواب دینا چاہئے ۔ دراصل کانگریس اہم بلوں
کو پاس نہیں ہونے دینا چاہتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ مسٹر گڈکری کو سیاسی وجوہ سے نشانہ بنا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کے مطالبہ کے آگے جھکنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے ۔ ملک کا ہر شہری وزیراعظم نریندر مودی اور مسٹر گڈکری کے بارے میں جانتا ہے ۔ اگر کانگریس اپنے دور میں ہوئے گھپلوں پر بحث کرانا چاہتی ہے تو حکومت کو کوئی اعتراض نہیں ہے ۔مسٹر نائیڈو نے کہا کہ ہم نے گزشتہ ایک سال میں صاف ستھری حکومت دی ہے ۔ کانگریس جس مسئلے کو اٹھا رہی ہے وہ اسے بھاری پڑے گا۔