مکہ مکرمہ ؛سعودی عرب میں واقع مسلمانوں کے دو مقدس ترین الحرمین الشریفین کی تعمیر و مرمت کی نگران کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے بتایا ہے کہ توسیع حرم پروجیکٹ کا پہلا مرحلہ اپنے شیڈول کے مطابق پایہ تکمیل کو پہنچ گیا ہے جس کے بعد دوسرے مرحلے کی تعمیر کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
مکہ مکرمہ میں ایک نیوز بریفنگ میں ڈاکٹر السدیس نے کہا کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی جانب سے حجاج ومعتمرین کی زیادہ سے زیادہ تعداد کو حرم کی زیارت کا موقع دینے کے لیے توسیع حرم کا تین مراحل پر مبنی پراجیکٹ کامیابی کے ساتھ اگے بڑھ رہا ہے۔
واضح رہے کہ ایک سال پیشتر شروع کیے گئے منصوبے کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے جس کے بعد دوسرے مرحلے کا کام بھی جاری ہے۔ دوسرے مرحلے کے بعض حصے پیش آئندہ رمضان المبارک میں معتمرین کے لیے کھول دیے جائیں گے جبکہ کچھ مقامات کی تعمیر آئندہ سال 1435ھ کے موسم حج مکمل ہوگی۔
الشیخ السدیس کا کہنا تھا کہ پیش آئند ماہ صیام تک صحن طواف سے ملحقہ بالائی منزل، صحن طواف کا تہ خانہ اور پہلی منزل رمضان تک مکمل ہو جائیں گی جبکہ پہلی منزل کی چھت آئندہ سال موسم حج پر حجاج کرام کی سہولت کے لیے کھولی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ہنگامی مطاف کا تہ خانہ، مطاف کے بیسمنٹ کو ملانے والا راستہ اور اس کی بیرونی گیلریاں بھی آئندہ ماہ صیام تک مکمل ہو جائیں گی۔ رمضان تک مکمل ہونے والے مقامات میں روشنی، ساؤنڈ سسٹم، ہوا کے اخراج اور سیوریج لائنوں کی مرمت بھی شامل ہے۔