نئی دہلی، 14 مئی (یو این آئی)اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر ارون جیٹلی نے آج کہا کہ نیوز چینلز کی بھیڑ میں ناظرین حقیقی اور اصلی خبریں حاصل کرنے کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں اور ایسے میں پرنٹ میڈیا کے لئے اپنی جگہ واپس حاصل کرنے کا یہ صحیح موقع ہے ۔مسٹر جیٹلی نے یہاں ماس کمیونیکیشن کے لئے خصوصی یونیورسٹی کے امکان پر منعقد ایک سیمینار میں کہا کہ میڈیا کے شعبے میں گزشتہ ڈیڑھ دہائی میں انقلابی تبدیلی آئی ہے جس سے روایتی میڈیا پچھڑتا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 24 گھنٹے چلنے والے نیوز چینلوں نے پرنٹ میڈیا کے سامنے مشکلات کھڑی کر دی ہیں۔ اب مسئلہ یہ ہے کہ جو خبر ناظرین دن بھر دیکھ رہے ہیں اسے کیا آپ اگلے روز شائع کریں گے ۔ پرنٹ میڈیا میں
بھی نمایاں تبدیلی آ رہی ہے لیکن ڈیجیٹل میڈیا کے اس دور میں رسائل اور ٹیبلائد جرنلزم پیچھے چھوٹ رہی ہیں۔ یہ ٹیکنالوجی کا اثر ہے ۔مسٹر جیٹلی نے کہا کہ آج نیوز چینلز کی بھرمار ہے لیکن ناظرین اندھیرے میں بھٹک رہے ہیں اور وہ مخمصے میں گرفتار ہیں کہ کون سا چینل سچ کے زیادہ قریب ہے ۔ روایتی میڈیا کے پاس زوردار طریقے سے اپنی واپسی درج کرانے کا یہ صحیح موقع ہے ۔