اسلام آباد: کراچی میں ایک بس پر دہشت گردوں کے حملے میں 45 ہلاکتوں کے بعد زمبابوے کرکٹ یونین نے اگلے ہفتے شروع ہونے والے دورے سے پہلے پاکستان کی سیکورٹی صورتحال
پر اپنی حکومت سے رابطہ کر لیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے جمعرات کو لاہور میں صحافیوں کو بتایا کہ یونین نے حکومت سے رابطے پر انہیں آگاہ کر دیا ہے
شہریار نے بتایا کہ فی الحال دورے شیڈول کے مطابق ہو گا اور وہ میزبانی کیلئے مکمل تیار ہیں۔’جیسے ہی ہمیں کوئی خبر ملی تو ہم آپ کو آگاہ کر دیں گے‘۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ کراچی کے افسوس ناک واقعے کے بعد زمبابوے کی حکومت کی تشویش فطری عمل ہے ۔تاہم اگر زمبابوے کی ٹیم پاکستان نہ آئی تو اس سے دو طرفہ تعلقات متاثر ہوں گے۔
یاد رہے کہ زمبابوے دو ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچوں کی سیریز کیلئے منگل کو پاکستان پہنچ رہی ہے۔
2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد پہلی مرتبہ کوئی عالمی ٹیم پاکستان کا رخ کر رہی ہے۔
گزشتہ مہینے سیریز کا شیڈول طے کرنے کے دوران پی سی بی نے زمبابوے کو لاہور کے ساتھ ساتھ کراچی میں کھیلنے پر رضامند کرنے کی کوشش کی تھی، تاہم مہمان ٹیم کے ارکان نے زیادہ سفر پر اپنے تحفظات ظاہر کیے تھے۔
مئی کے آغاز میں زمبابوے کرکٹ یونین کے مینیجنگ ڈائریکٹر الیسٹر کیمبل کی سربراہی میں پانچ رکنی سیکورٹی وفد نے لاہور کا دورہ کیا تھا، جس دوران انہیں سیکورٹی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔