– بارسلونا: مشہور ہسپانوی کلب بارسلونا نے دفاعی چیمپیئن اٹلیٹکو میڈرڈ کو شکست دے کر 23ویں مرتبہ اسپینش لیگ لالیگا اپنے نام کر لی۔ واضح رہے کہ ٹھیک ایک سال قبل بارسا کے کیمپ نو میں اٹلیٹکو نے تاریخ رقم کرتے ہوئے بارسلونا کو شکست دے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ میچ شروع ہوا تو بارسلونا نے شروع سے ہی شاندار کھیل کا مظاہرہ کر کے اٹلیٹکو پر واضح کر دیا کہ وہ اس بار ٹائٹل کو آسانی سے نہیں دیں گے۔ میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ہی ٹیموں نے ایک دوسرے کے ہاف پر حملے کیے لیکن کوئی بھی گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔ دوسرے ہاف میں بارسلونا نے کی جارحیت میں اضافہ ہوا اور اس نے حریف کے گول پر لگاتار حملے کیے جس کا صلہ انہیں 65ویں منٹ میں اس وقت ملا جب لیونل میسی نے پیڈرو روڈری گوئز کے ساتھ مل کر ایک خوبصورت موو بنائی اور گیند کو جال کی راہ دکھا دی۔ یہ میسی کا اس سیزن میں 41واں گول تھا اور یہی گول میچ میں فیصلہ کن ثابت ہوا۔ اٹلیٹکو کی ٹیم کو میچ برابر کرنے کے چند مواقع میسر آئے لیکن وہ اس سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے۔ جب امپائر نے میچ ختم ہونے کا اعلان کیا تو اسکور بورڈ پر 1ـ0 کا ہندسہ ناصرف بارسلونا کی میچ میں فتح کا اعلان کر رہا تھا بلکہ اس کے ساتھ ساتھ انہوں اسپینش لیگ لالیگا کا چیمپیئن بننے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا۔ یہ گزشتہ گیارہ سال میں ساتواں موقع ہے کہ بارسلونا نے چیمپیئنز لیگ ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔ میسی کا یہ ایک گول رونالڈو کی ہیٹ ٹرک پر حاوی رہا جنہوں نے اسپنیول کے خلاف میچ میں تین گول اسکور کر کے اپنی ٹیم ریال میڈرڈ کو میچ میں 4ـ1 کی فتح دلانے میں مرکزی کردار ادا کیا لیکن وہ اپنی ٹیم کو لیگ جتوانے میں ناکام رہے۔