حکومت مصر نے پورے ملک میں ہائی الرٹ جاری کردیا ہے-مصر کی وزارت داخلہ نے سابق صدر محمد مرسی کے لئے سزائے موت کا حکم سنائے جانے کے بعد ہنگامی حالت کا اعلان کرتے ہوئے پورے ملک میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے اور پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں-
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مصر کی وزارت داخلہ نے پیر کو اعلان کیا ہے کہ سیکورٹی اہلکاروں کے لئے ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے -کہا جا رہا ہے کہ تمام صوبوں کے پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں- ایک مغربی خبر رساں ادارے نے رپورٹ دی ہے کہ قاہرہ کی سڑکوں اور اہم تنصیبات کے اطراف میں سیکورٹی انتظامات بڑھا دیئے گئے ہیں- قابل ذکر ہے کہ سنیچر کو قاہرہ کی ایک عدالت نے مصر کے سابق صدر محمد مرسی سمیت اخوان المسلمین کے اہم رہنما خیرات شاطر اور محمد بدیع کو سزائے موت کا حکم سنایا ہے اور اس سلسلے میں حتمی فیصلے کا اختیار مفتی مصر کو دیا ہے-