نئی دہلی، 21 مئی (یو این آئی) فضائیہ کا جنگی طیارہ میراج۔2000 آج حیرت انگیز طور کرتب دکھاتے ہوئے یمنا ایکسپریس وے پر کامیابی سے اترنے کے بعد دوبارہ پرواز کی۔فضائیہ کے مطابق میراج۔2000 طیارہ نے ایک مشق کے دوران صبح چھ بج کر 40 منٹ پر یمنا ایکسپریس وے کو رن وے کی طرح استعمال کیا اور پھر پرواز کی۔ ہندستانی فوجی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب فضائیہ کے طیارے نے ہائی وے کو رن وے بناتے ہوئے اس پر اترنے میں کامیابی حاصل کی۔
فضائیہ کے مطابق اس طیارہ نے وسطی ہندوستان کے اس کے کسی ایئر بیس سے پرواز کی تھی اور آگرہ ایئر بیس نے اسے تمام طرح کی دیگر مدد
ہنچائی تھی۔ آگرہ کے ایئر بیس نے اس کے لئے 28 عارضی اے ٹی سی، حفاظتی انتظامات اور پرندوں کو اس سے دور رکھنے کے بندوبست کئے تھے ۔فضائیہ کافی عرصہ سے یہ کوشش کر رہی تھی کہ ایمرجنسی کی صورت میں جنگی طیارہ ہائی وے کو رن وے کی طرح استعمال کرسکے اور آج اسے اس مہم میں بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ فضائیہ کا کہنا ہے کہ وہ مستقبل میں اس طرح کی مشق دوسرے ہائی وے پر بھی کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے ۔آج کے مشق کیلئے فضائیہ نے آگرہ اور متھرا کے ضلع مجسٹریٹ اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے ساتھ تال میل کیا تھا۔ اس کے علاوہ اترپردیش حکومت اور یمنا ایکسپریس وے اتھارٹی سے بھی تعاون کی درخواست کی گئی تھی۔