کراچی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان کو امید ہے کہ زمبابوے کی ٹیم کے پاکستان کے دورے کے بعد دوسری ٹیسٹ ٹیمیں بھی اس ملک کا دورہ کریں گی۔گزشتہ چھ سال میں پاکستان کا دورہ کرنے والی پہلی ٹیم بنی زمبابوے کے آنے سے یہاں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی ہوئی ہے۔ شہریار نے کہااس سیریز سے کافی توقعات ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ یہ مستقبل میں اور ٹیموں کے دوروں کا راستہ ہموار کرے گی۔انہوں نے کہا کہ سب سے اہم یہ ہے کہ اس سے ہمیں، حکومت اور سیکورٹی ایجنسیوں کو عملی طور پر یہ تعین کرنے کا موقع ملے گا کہ غیر ملکی ٹیموں کو اور محفوظ محسوس کرنے کےلئے کیا کرنا ہو گا۔ شہریار نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بڑی ٹیموں کی میزبانی کرنا چاہتا ہے اور اسے ایشیائی براعظم سے تعاون کی امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کےلئے ہمیں ہندوستان، سری لنکا اور بنگلہ دیش کی مدد چاہئے۔انہیں امید ہے کہ زمبابوے کے خلاف سیریز دیکھنے ناظرین میدان میں بڑی تعداد میں آئیں گے۔وہیں دوسری جانب زمبابوے کرکٹ ٹ
یم کے کپتان اور آفیشلز نے پاکستان میں سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا میں کہیں بھی سکیورٹی کی ضمانت نہیں دی جاسکتی۔ کرکٹ میں زمبابوے بھی تنہائی کا شکار رہا۔ پاکستان کے مسائل ان سے زیادہ اور کون سمجھ سکتا ہے۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کپتان ایلٹن چگمبورا اور ہیڈ آفیشلز عزیس نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان میں بہترین سکیورٹی اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔ عزیس کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان میں کرکٹ کھیلنے اور بھائیوں سے ملنے آئے ہیں۔ پاکستانی حکومت اور پی سی بی کی کاوشوں سے خود کو محفوظ سمجھتے ہیں۔ پاکستان میں سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ زمبابوے کرکٹ ٹیم پاکستانی کرکٹ شائقین کے چہروں پر خوشی واپس لائے گی۔ زمبابوے کرکٹ کے کپتان ایلٹن چگمبورا نے بھی پاکستان آنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ امن اور کرکٹ کی خاطر پاکستان آئے۔ زمبابوے ٹیم کے پاکستان آنے سے کرکٹ جیت گئی ہے۔ ایک سوال پر چگمبورا کا کہنا تھا کہ زمبابوے میں بھی موسم گرم ہے، یہاں کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ ورلڈ کپ میں پاکستان کے ساتھ اچھا مقابلہ ہوا۔ اسے دہرانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔