جے پور، 22 مئی (یو این آئی) راجستھان میں ریزرویشن کے مطالبہ پر گجروں نے ایک بار پھر احتجاج کرتے ہوئے پیلوپورہ گاں میں ریلوے ٹریک پر قبضہ کرلیا اور پٹریاں اکھاڑ دیں جس سے دہلی ۔ممبئی راستے پر ریل ٹریفک بری طرح سے متاثر ہوئی ہے ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ سیکڑوں گجر بیانا تھانہ علاقے میں واقع پیلوپورہ گائوں کے قریب پٹریوں پر دھرنا دیئے بیٹھے ہیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ مظاہرین کے ذریعہ کئی جگہ پٹریاں اکھاڑ دینے کی وجہ دہلی- ممبئی راستے پر ریلوے ٹریفک مکمل طور پر بند کرنا
پڑا ہے ۔ ریلوے نے اس راستے پر چلنے والی پانچ ریل گاڑیوں کو نہ چلانے کا فیصلہ کیا اور اب تک 15 سے زیادہ ٹرینیں دوسرے راستے سے چلائی جا رہی ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ راجستھان نقل و حمل کارپوریشن نے بھی بیانا، ہنڈن اور کرول¸ روٹ پر اپنی بسوں کا آپریشن بند کر دیا ہے ۔ بسوں کے بند ہونے سے عوام کو زبردست پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ گجر تحریک کے پیش نظر امن و امان برقرار رکھنے کے لئے اضافی پولیس فورس تعینات کی گئی ہے ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ گجر تحریک کے پیش نظر پولیس اور انتظامیہ کے سینئر افسر موقع پر موجود ہیں اور نگرانی کر رہے ہیں۔ احتیاطاً پڑوسی ضلع دوسہ میں دفعہ 144 کے تحت حکم امتناعی نافذ کردیا گیا ہے ۔
واضح ہو کہ کل بھرت پور ضلع کے سموگر میں گجروں نے مہا پنچایت کا انعقاد کیا اور اس کے بعد پیلو پورہ میں جمع ہوکر تحریک شروع کر دی ۔ گجروں کے ریزرویشن کا معاملہ عدالت میں زیر غور ہے ۔ گجر تحریک کے پیش نظر کل رات وزیر اعلی وسندھرا راجے نے کابینہ کا اجلاس طلب کیا تھا جس میں گجروں سے بات چیت کرنے کے لئے حکومت کے نمائندے بھیجنے پر غور کیا گیا۔قابل ذکر ہے کہ 2007 میں گجر تحریک میں 26 افراد ہلاک ہو گئے تھے اور اس کے بعد 2008 میں گجروں کی ریزرویشن تحریک میں 37 افراد کی جان چلی گئی تھی۔