لکھنو(نامہ نگار) شام ہوتے ہی پارک میں قمار بازوں اور شرابیوںکا مجمع لگ جاتا ہے۔ ایل ڈی اے کالونی کے لوگ ان لوگوں سے پریشان ہیں۔ روز ان لوگوں کے گھر کی لڑکیاں اور خواتین کے ساتھ وہ لوگ بد تمیزی بھی کرتے ہیں۔ گھر سے خواتین کا نکلنا دشوار ہو چکا ہے۔ اسی طرح بدھ کی شام گھر سے نکلی لڑکی سے شرابیوں نے بدسلوکی کرنی شروع کرکے چھیڑ خانی کرنے لگے اس کی اطلاع کالونی کے باشندوں نے پولیس کو دی ۔ پولیس جب تک وہاں پہنچتی تب تک ملزمین بھاگ چکے تھے۔ پولیس نے ایک نوجوان کو گرفتار کر لیا اور دیگر کی تلاش کی جارہی ہے۔
سروجنی نگر کے کانپور روڈ واقع ایل ڈی اے کالونی سیکٹر ایف واقع رام لیلا پارک میںآئے دن شام کو قمار بازوں اور شرابیوں کا مجمع لگتا ہے یہ
لوگ کالونی کی خواتین سے اکثر بد سلوکی کرتے رہتے ہیں جس کو لے کر یہاں کے لوگ کافی پریشان ہیں۔ اور کئی مرتبہ اس کی شکایت پولیس سے کی گئی لیکن انہیں نجات نہیں مل سکی ۔ واضح ہو کہ بدھ کی شام اپنے گھر کے باہر نکلی ایک لڑکی کو دیکھتے ہی پارک میں موجود شہ زور فحش زبان کا استعمال کرنے لگے ۔ اس پر کالونی کے ایک شخص نے اس کی اطلاع پولیس کو دی لیکن پولیس کے پہنچتے ہی سارے نوجوان وہاں سے بھاگ نکلے جس سے پولیس کو خالی ہاتھ لوٹنا پڑا۔ پولیس کے واپس جاتے ہی دوبارہ پہنچے لڑکوں نے شکایت کرنے والے شخص کے گھر میں گھس کر ہنگامہ کیا اور اسکے دروازے پر کھڑی موٹر سائیکل توڑ دی ۔ پولیس نے اس معاملے میں کالونی کے ہی موہت کوگرفتار کر کے جمعرات کو جیل بھیج دیا۔