لکھنو(نامہ نگار) آشیانہ کے سکٹر آئی میں اتوار کی صبح اس وقت ہنگامہ مچ گیا جب ایک لڑکی اپنی سوتیلی والدہ سے پریشان ہو کر پانی کی ٹنکی پر چڑھ گئی اور لڑکی بار بار خود کشی کرنے کی دھمکی دے رہی تھی ۔ موقع پر پہنچی پولیس نے لڑکی کی سہیلی کو بلایا اس کے بعد لڑکی کی سہیلی اور سادی وردی میں ایک سپاہی کو پانی کی ٹنکی پر بھیجا گیا ۔ اس کے بعد سپاہی نے کسی طرح لڑکی کو پکڑ لیا اور ٹنکی سے نیچے اتارا۔
ایس او آشیانہ سدھیر نے بتایا کہ سکٹر ایچ میں ۱۹ سالا سشمتا ورما بی کام سال اول کی طالبہ ہے۔ اور اپنے کنبہ کے ساتھ رہتی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ آج صبح تقریباً ۹ بجے سکٹر آئی میں بنی پانی کی ٹنکی کے پاس پہنچی اس کے بعد وہ بغیر کچھ سوچے سمجھے ہی پانی کی ٹنکی پر چڑھ گئی لڑکی کو پانی کی ٹنکی پر چ
ڑھا دیکھ کر وہاں لوگوں کی بھیڑ جمع ہو گئی ۔ لڑکی بار بار خود کشی کرنے کی دھمکی دے رہی تھی ۔ اطلاع ملتے ہی موقع پر آشیانہ پولیس پہنچ گئی ۔ پولیس نے لڑکی سے نیچے اترنے کی بات کہی تو اس نے انکار کر دیا۔ لڑکی کا الزام تھا کہ وہ اپنی سوتیلی ماں کے ظلم سے تنگ آکر خود کشی کرناچاہتی ہے۔ پولیس نے اسی درمیان لڑکی کی ایک سہیلی کو مدد کے لئے بلایالڑکی کی سہیلی کے ساتھ پولیس کا ایک سپاہی سادی وردی میں پانی کی ٹنکی پر بھیجا گیا۔ ٹنکی پر چڑھنے کے بعد لڑکی کی سہیلی نے اس کو سمجھانا شروع کیا تو لڑکی کچھ حد تک خاموش ہو گئی ۔ اس درمیان سپاہی نے لڑکی کو پکڑ لیا ۔ سپاہی اور لڑکی کی سہیلی کسی طرح اس کونیچے اتار کر لائے ۔خبر پاکر لڑکی کے گھروالے بھی وہاں پہنچ گئے ۔ ایس او آشیانہ نے لڑکی کے گھروالوں سے بات چیت کرنے کے بعد لڑکی کو ان کے حوالے کر دیا۔