کلکتہ26مئی (یو این آئی)مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں مرکزی حکومت نے نریندر مودی کی قیادت میں ملک کی معیشت میں استحکام اور کرپشن سے پاک
حکمرانی کا بہترین نمونہ پیش کیا ہے اورگزشتہ ایک سال میں ایک بھی کرپشن کا معاملہ سامنے نہیں آیا ہے ۔
مرکزی حکومت کے ایک سال مکمل ہونے پر بی جے پی کے زیر اہتمام آج یہاں پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا تھا ۔راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ یوپی اے حکومت کے مقابلے مہنگائی کنٹرو ل میں ہے اور اس کی وجہ سے ملک کی معیشت مستحکم ہوگی ۔راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ دنیا بھر میں مودی حکومت کی تعریف ہورہی ہے کہ ہمارا ایجنڈا سب کی ترقی ہے اور ہم اس راہ پر گامزن ہے ۔
راج ناتھ سنگھ نے میڈیا سے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ مودی حکومت کے مرکز میں بر سر اقتدار آنے کے بعد صرف ہندوستان ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں ملک کا وقاربلند ہوا ہے ۔کانگریس کی قیادت والی سابقہ یوپی اے حکومت کی سخت تنقید کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ گزشتہ دس سالوں میں ملک کی صورت حال خراب ہوگئی تھی ۔ملک کی معیشت مسلسل گراوٹ کی شکار ہوگئی تھی ۔مگر آج ہم فخریہ انداز میں کہہ سکتے ہیں کہ ملک کی معیشت میں تبدیلی آرہی ہے اور ہم استحکام کی طرف بڑھ رہے ہیں ۔
راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ جی ڈی پی سات فیصد تک پہنچ گیا ہے اور ہمیں امید ہے کہ اگلے چار سالوں میں جی ڈی پی 10فیصد سے بھی زیادہ تک ہوجائے گا ۔انہوں نے کہا کہ جی20ممالک میں ہندوستان کی معیشت سب سے تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے ۔راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ مہنگائی میں کمی آنے پر کہا جارہا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں گراوٹ آئی ہے مگر سوال یہ ہے کہ دوسرے ملکوں میں مہنگائی میں کمی کیوں نہیں آئی ہے ۔